دین اسلام میں جتنے بھی فتنے پیدا ہوئے وہ قرآن کو سمجھنے اور سمجھانے کے ہیں۔ عبداللہ بن سبا اور حسن بن سبا نے قرآن کے خود ساختہ ترجموں سے ہی منافرت پھیلائی۔ اب عہد حاضر میں جو سوشل میڈیا کا عہد ہے اس میں بہت سارے لوگوں کی ریلیں نظر سے گذرتی ہیں جس میں وہ بظاہر لبرل نظر آنے والوں کو قرآن سمجھاتے ہیں جیسا انھوں نے سمجھا۔
سوشل میڈیا پر علامہ گیری ابتدا سے ہی ہو رہی ہے جیسے پاکستان کے کرنسی نوٹوں پر اردو عبارت غلط لکھی ہے یا پاکستان کا قومی ترانہ تو فارسی میں ہے وغیرہ وغیرہ ان عقل کے اندھوں نام نہاد ماہرِ لسانیات کو کون سمجھا سکتا ہے جنھیں 80 سال بعد سمجھ آئی ہے خود سے قرآن سمجھنے والوں کو 1500 سال بعد سمجھ آئی۔ یہ لغات کہاں سے لائے ہیں ان کی اپنی ہیں تو ہم نہیں مانتے اور خود کی اختراع ہیں تو ہم کیوں مانیں اگر پرانی لغات سے استفادہ کر رہے ہیں تو یہ کیوں کر رہے ہیں پچھلے تو سارے گمراہ تھے۔
اس پوسٹ کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی آج ایک صاحب ریل میں بتا رہے تھے اسلام کے معنی سلامتی والے کے ہیں اور مسلم کے معنی بھی سلامتی والا ہے زبان اور لہجہ عاجزی سے عاری تمسخرانہ تھا مزید کہتے ہیں فلاں کہتے ہیں بھائی دین میں اس انداز سے بات نہیں کی جاتی الاں فلان بازارو زبان ہے۔ جو آپ بتا رہے ہیں اس میں کون سی نئی بات ہے ہمارا دین اسلام ہے جس کے معنی سلامتی کا دین ہے اور جو اس دین کے ماننے والے ہیں وہ مسلم کھلاتے ہیں مزید اس پر بھی اعتراض کہ اسلام کو دین کہتے ہیں اور دیگر کو مذاہب کہتے ہیں۔
موصوف کو عربی قدیم اور جدید کا فرق بھی شاید پتہ نا ہو یہ اس طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے ہی جیسوں کو سمجھا رہے ہوتے ہیں جنھیں چند سال قبل إِیّاکَ نَعْبُدُ وَ إِیّاکَ نَسْتَعینُ کے معنی معلوم ہوئے ہیں۔ ساری زندگی اندھیرے میں گذار دی اور یہ خود ایک ریل میں فرما رہے تھے کہ یہ تاثر قطعی غلط ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شفاعت فرمائیں گے قرآن میں واضح حکم ہے کہ جو جیسا کرے گا ویسا صلہ پائے گا تو 80 سال کی گمراہی کی زندگی گذارنے کے بعد اب سمجھ آئی ہے تو ناسمجھی میں جو زندگی گذار بیٹھے ہو اس کی سزا تو پاؤ گے اور انھیں بھی جہنم میں اپنے ساتھ پاؤ گے جنھیں نئی تاویلیں بتا رہے ہو۔ دنیا میں مختلف فرقے بنے ہیں تمھارا بھی ایک فرقہ کہلائے گا۔ جیسے پرویزی، بہائی، وہابی وغیرہ وغیرہ۔
آئمہ خمسہ نے اپنی زندگیاں لگا دیں اور فقہی احکام کی تشریح فرمائی یہ پانچ آئمہ امام نعمان بن ثابت المعروف ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ، امام مالک مالک بن انس رحمۃ اللہ علیہ، امام شافعی محمد بن ادریس رحمۃ اللہ علیہ، امام احمد بن حنبل احمد بن محمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ اور امام جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ جنھوں نے قرآن و سنت، احادیث، تاریخ کے سیاق و سباق کے مطابق اسلامی فقہے مرتب کیے انھوں نے اس کام میں اپنی زندگیاں لگا دیں۔ ان میں فکر و تشریح کا اختلاف ہو سکتا ہے اور ہے یہ ابتدائی زمانے کے قریب ترین تھے۔ یہ پانچ فرقے نہیں ہیں فقہے کی پانچ درس گاہیں ہیں۔ ان سے استفادہ کرتے ہوتے نئے زمانے کے مطابق مسئلے حل کیے جا سکتے ہیں جو من و عن ویسے نا بھی ہوں مگر اس پر اجتہاد ہو سکتا ہے۔ یہ ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا کہ کوئی لبرل عامیانہ انداز سے دین بتانے لگ جائے۔ یہ ہماری بد نصیبی ہے کہ ہم اپنے اسلاف سے دور ہو گئے ہیں دین سے زیادہ دنیا ہماری ترجیح ہو گئی ہے اس پر سونے پر سہاگہ یہ کہ سوشل میڈیا کی یلغار ہو گئی ہے۔ ہم کہہ سکتے ہیں
"بلی کے بھاگوں چھیکا ٹوٹا"
میں نا عالم ہوں اور نا صاحب علم ہوں صاحبانِ علم کی صحبت میں آخری کونے میں کہیں بیٹھنے کی جگہ ملی گئی تو کچھ سن لیا کم عقل ہونے کے باعث کچھ سمجھا اور کچھ نہیں سمجھ سکا۔ حلقۂ احباب میں بتایا تو اصلاح مل گئی۔ جوانی میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا شکوہ جواب شکوہ نے متاثر کیا پڑھنا شروع کیا تو کچھ سمجھ نہیں آتا تھا بازار سے شرح خرید کر لایا اس سے کچھ سمجھا کچھ نہیں سمجھا میرے ماموں اہل تصوف میں بیٹھا کرتے تھے ان سے بہت کچھ سمجھا اب بھی بہت کچھ سمجھنے کے لیے باقی ہے۔ میں تو اتنا نالائق ہوں اردو میں لکھے ہوئے کلام کو خود نہیں سمجھ سکتا کلام الہی کو خود سے سمجھنے کی نا مجال ہے نا استطاعت۔
یہاں سوال چھوڑے جا رہا ہوں اگر دنیا کا ہر شخص قرآن کو پڑھ کر خود سمجھ سکتا ہے تو دنیا میں بسنے والے سوا ارب مسلمان ایک جیسا ہی سمجھیں گے تو پھر تم اپنا سمجھا کیوں تھوپ رہے ہو اور اگر نہیں تو تم جو سمجھے ہو اس کی سند لاؤ کہ تم صحیح سمجھے ہو۔ اگر سب تمھاری طرح فرق سے سمجھیں تو کیا قرآن کی وحدت قائم رہ سکے گی؟