حاجت کے معنی ضرورت اور ضرورت کے حاجت ہیں۔ کھانے پینے اور استعمال کی چیزوں کو ضروریاتِ زندگی کہا جاتا ہے جبکہ حاجت کا لفظ رفع حاجت سے جوڑ کر پیشاب پاخانے تک محدود کر دیا گیا ہے بچے کو پیدائش پر خوراک کی ضرورت ہوتی ہے وہ ماں کا دودھ پیتا ہے ساتھ رفع حاجت کا عمل بھی شروع ہو جاتا ہے بچے کی پیدائش پر 24 سے 48 گھنٹے میں رفع حاجت ہونا نارمل سمجھا جاتا ہے یوں پیدائش پر سب سے پہلے یہ دونوں حاجات یا ضروریات کا آغاز ہوتا ہے۔
بچہ چار ماہ تک صرف ماں کا دودھ پیتا ہے اور بچھونے میں ہی رفع حاجت کرتا ہے چار ماہ کے بعد بچے کو ماں کے دودھ کے ساتھ کچھ دوسری غذا مثلاً پتلا دلیہ، سوجی کا حلوہ وغیرہ دینے کا آغاز کیا جاتا ہے تو رفع حاجت کا انداز بھی بدل جاتا ہے۔ پہلے زمانے میں سمجھ دار مائیں سمجھ جاتی تھیں بچہ رفع حاجت کرنا چاہتا ہے تو اپنے پیروں کے پنجوں پر بٹھا کر رفع حاجت کراتی تھیں۔ پنجوں کو کُھڈّی کے انداز سے زمین پر رکھتی تھیں بیچ میں خلا رہتا تھا بچہ باآسانی فارع ہو جاتا تھا۔ یوں یہ بچے کی پہلی کُھڈّی ہوتی ہے۔ دو سال کا ہونے تک بچہ پیشاب پاخانہ کی ضرورت کے بارے میں ماں کو بتانے کے قابل ہو جاتا تھا ماں اسے مختص جگہ پر اکڑو بٹھا کر رفع حاجت کراتی تھی اب تو دو سال یا اس سے بھی زیادہ عمر تک بچے کو ڈائپر باندھ دیا جاتا ہے بچہ بلا تکلف و کراہت فارغ ہوتا رہتا ہے اور ماں بےفکر رہتی ہے۔ گُو مُوت جس سے کراہت ہوتی ہے بچہ ڈائپر میں لیے گھومتا پھرتا ہے۔
آجکل کے بچے کُھڈّی نہیں جانتے کیونکہ نا انھوں نے استعمال کی ہے اور نا دیکھی ہے۔ رفع حاجت کی جگہ کو شروع میں سب سے پہلے کُھڈّی ہی کہا گیا ہو گا۔ بعد میں بہت سے نام پڑے ہوں گے جیسے کاکس، یہ لفظ برصغیر میں باہر سے آیا تھا لیٹرین بھی باہر سے آیا لفظ ہے پاخانہ یہ فارسی ہے مقامی لفظ ٹٹی ہے جس کے معنی رکاوٹ یا آڑ کے ہیں جیسے گرمیوں میں خس کی ٹٹی کی آڑ لگائی جاتی ہے عربی سے بیت و الخلاء آیا ہے خالی خانہ۔ ان سب الفاظ میں مطلب کُھڈّی ہی ہے ایسی الگ جگہ جہاں رفع حاجت سے فارغ ہوا جائے۔ وہ جگہ جہاں گُو مُوت کیا جاتا ہے عام طور پر بولا جاتا ہے پاخانہ کرنے جا رہا ہوں جوکہ غلط ہے پاخانے گُو کرنے جاتے ہیں انسانی فضلے کو گُو کہا جاتا ہے جسے انگریزی میں Stool کہتے ہیں۔ لیکن پیشاب کا معاملہ دیگر ہے یہ فارسی لفظ ہے اس کے معنی مُوت ہے لیکن پاخانہ جگہ کا نام ہے جس چیز کا اخراج کرتے ہیں اسے گُو کہا جاتا ہے یہ ایسے ہی مستعمل ہو گیا جیسے ناک آ رہی ہے ناک تو عضو کا نام ہے ناک سے جو رطوبت نکلتی ہے اسے رینٹ کہتے ہیں۔ گُو ایسے ہی ہے جیسے گائے بھینس کے فضلے کو گوبر اور پرندوں کے فضلے کو بیٹ کہا جاتا ہے۔
انسان کے جسم سے خارج ہونے والی رطوبت و مادے الٹی، پیشاب، پاخانہ، رینٹ، تھوک، الٹی حتیٰ کہ پسینہ تک باعث کراہت ہوتا ہے۔ زمانہ قدیم سے پیشاب پاخانہ اٹھنے بیٹھنے کی جگہ سے دور جا کر کیا جاتا تھا۔ گاؤں دیہاتوں میں بھی گھر سے باہر دور جا کر رفع حاجت سے فارغ ہوتے تھے۔ زمانہ قدیم سے جب شہری زندگی کا آغاز ہوا تو بھی گھروں کی قطاروں کے بعد مشترکہ لیٹرین بنے ہوتے تھے آج سے پچاس سال قبل تک گھر میں غسل خانہ باورچی خانہ صحن دالان اور کمرے ہوتے تھے مگر گلیوں کے درمیان میں مشترکہ لیٹرین ہوتے تھے جہاں مکین جا کر رفع حاجت کیا کرتے تھے۔ پھر گھروں میں لیٹرین بننا شروع ہوئے ایک گھر میں دو تین خاندان رہتے تھے مگر ایک لیٹرین ہوتا تھا۔ یہ لیٹرین دراصل کُھڈّی ہوتی تھی۔ اینٹوں سے دو قدمچے اٹھا دیئے جاتے تھے جس سے بیچ میں کھڈا بن جاتا تھا قدمچوں پر پیر رکھ کر اکڑو بیٹھ کر رفع حاجت سے فارغ ہوتے تھے کھڈے میں کوئی ڈبہ رکھا ہوتا تھا جسے میتر آ کر صاف کر جاتا تھا۔ پھر فلیش سسٹم آ گیا اب کھڈے کی جگہ WC لگ گئی۔ اب ہر منزل پر الگ الگ لیٹرین بننے لگے۔ پھر اٹیچ باتھ روم بننے لگے اس کے بعد اٹیچ ڈرائنگ روم بننے لگے یوں پاخانہ جنگلوں، کھیتوں محلے کے مشترکہ لیٹرینوں سے ہوتا ہوا کمروں تک پہنچ گیا۔ کُھڈّی جسے لیٹرین کہا جاتا تھا باتھ روم کہلانے لگا۔ کھڈی کے مقابلے میں WC پر آسانی سے بیٹھا جاتا تھا پھر اس پر دشواری محسوس ہونے لگی تو کموڈ آ گیا جس پر آرام سے کرسی کی طرح بیٹھ کر رفع حاجت سے فارغ ہوا جاتا ہے مزے سے اخبارات پڑھتے، دانتوں کو برش کرتے ہوئے رفع حاجت سے فارغ ہوا جاتا ہے اس سہل پسندی کو دیکھتے ہوئے ہو سکتا ہے رفع حاجت کے ساتھ ناشتہ بھی کیا جاتا ہو اگر ابھی نہیں کیا جاتا تو آنے والوں وقتوں میں مصروف زندگی ہونے کی وجہ سے ایسا بھی ہونے لگے۔ لگتا ہے یہ کموڈ پر فارغ ہونے والے مسجدوں میں کرسیوں پر بیٹھ کر نماز پڑھنے والوں کی تعداد میں اضافے کا سبب ہوں۔
اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے اس میں رفع حاجت کے بھی آداب و طریقہ ہے۔ رفع حاجت کی جگہ پر جانے کی دعا ہے ایسی جگہ بیٹھیں جہاں کوئی دیکھ نہ سکے اور ستر چھپا رہے۔ قبلہ کی طرف منہ یا پیٹھ کر کے رفع حاجت کرنا منع ہے۔ بائیں پاؤں پر وزن ڈال کر بیٹھیں اور دائیں پاؤں کو سیدھا کھڑا رکھیں۔ دوران رفع حاجت بات چیت نہ کریں پانی میسر ہو تو پانی سے دھوئیں دھونے کے لیے بایاں ہاتھ استعمال کریں۔ کُھڈّی سے لیکر ڈبلیو سی تک رفع حاجت کے لیے اکڑو ہی بیٹھا جاتا تھا اب عہد حاضر کے کموڈ پر کرسی کے انداز میں بیٹھتے ہیں جو سائنسی طور پر بھی نامعقول طریقہ لگتا ہے رفع حاجت کے لیے دُبُر عمودی ہونا چاہیے تاکہ بڑی آنت میں موجود فضلہ باآسانی خارج ہو سکے جبکہ کرسی کے انداز میں بیٹھنے سے بڑی آنت مڑ جاتی ہے جس کی وجہ سے فضلہ پوری طرح خارج نہیں ہو پاتا۔ جو ذھنی اور جسمانی بیماریوں کا سبب ہو سکتا ہے۔