تبلیغ کے لغوی معنی ابلاغ ہیں یعنی خبر پہچانا پیغام پہنچانا۔ تبلیغ دینی اصطلاح ہے جیسے نکاح طلاق جہاد وغیرہ دینی اصطلاح کے مطابق دین اسلام مشرکوں، بےدینوں تک پہنچانا تبلیغ ہے۔ جیسا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دین اسلام کی تبلیغ فرمائی اور آپ کے صحابہ نے دین اسلام دنیا میں پھیلایا۔ یہاں تبلیغ دعوت کے معنوں میں بھی ہے یعنی دین اسلام کی دعوت دینا ہے جو نہیں جانتے کہ اللہ حقیقی معبود ہے انھیں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بتایا کہ ہمارا معبود اللہ ہے اور میں اللہ کا رسول ہوں مجھ پر اللہ کی جانب سے وحی آتی ہے یہ ہی دعوت صحابہ اجمعین دیا کرتے تھے "نہیں ہے کوئی معبود سوائے اللہ کے اور محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے رسول ہیں"۔!جب لوگ دعوت دین قبول کرکے دین اسلام میں داخل ہو جاتے تھے تو ان کی تعلیم کا اہتمام کیا جاتا تھا انھیں نماز، روزہ زکوٰۃ حج کے بارے میں بتایا جاتا تھا دین اسلام کے مطابق حلال و حرام کے ساتھ ساتھ رہنے سہنے اور اخلاق حسنہ کی تعلیم دی جاتی تھی۔
آج کل دین کی تعلیم دینے کو تبلیغ سے تعبیر کیا جاتا ہے اور اس کے فضائل دین اسلام کی تبلیغ کرنے والے صحابہ کرام والے بتائے جاتے ہیں۔ برصغیر میں تقریباً سو سال قبل دعوت تبلیغ کے نام سے الیاس کاندھلوی نے ایک سلسلہ شروع کیا یہ تبلیغ کے نام پر لوگوں کو تعلیم دینے نکلتے ہیں۔ یہ تبلیغ ہندوستان میں ہندوؤں اور دیگر مذاھب کے لوگوں کو دین اسلام کی دعوت دینا نہیں ہے۔ بلکہ مسلمانوں کو اپنا ہم عقیدہ بنانا ہے اس کے لیے انھوں نے ایک طریقہ کار وضح کیا ہوا ہے اور ایک سلیبس بنایا ہوا ہے۔ کچھ تربیت یافتہ اس طریقۂ کار اور سلیبس کے مطابق مسلمانوں کو تعلیم دیتے ہیں جسے یہ تبلیغ کہتے ہیں جو ان سے وابستہ ہو جاتے ہیں وہ دوسروں کو تعلیم دیتے ہیں اس کے لیے یہ اپنے گھروں کو چھوڑ کر دور دراز علاقوں میں نکل جاتے ہیں اس نکلنے کی مدت کی بھی ایک ترتیب ہے کوئی تین دن کے لیے نکلتا ہے اسے سہ روزہ کہتے ہیں اسی طرح دس دن، چالیس دن اور سال بھر کے لیے اپنے گھروں سے نکل کر دور دراز علاقوں میں جا کر درس دیتے ہیں۔ ملک سے باہر بھی نکلتے ہیں جسے بیرون وقت لگانا قرار دیا جاتا ہے۔ برصغیر کے مسلمان امام ابو حنیفہ کے فقہے کے پیروکار ہیں مگر دو مسالک میں تقسیم ہیں ایک دیوبند اور دوسرا بریلوی مسلک کہلاتا ہے۔ الیاس کاندھلوی صاحب دیوبند مکتبہ فکر کے حامی تھے اس لیے ان کی تعلیم دیوبند طرزِ عمل کی تعلیم ہوتی تھی۔ ان کی دیکھا دیکھی تقریباً بیس پچیس سال سے بریلوی مکتبہ فکر والوں کے بھی تبلیغی قافلے نکلنا شروع ہو گئے ہیں حسن اتفاق کہ یہاں بھی اس کام کے روح رواں کا نام الیاس ہی ہے۔ نام کی مماثلت کے ساتھ دیگر طریقہ میں بھی یکسانیت ہے۔ یہ اپنے بزرگ کی ترتیب دیئے گئے سلیبس پر مشتمل کتاب فیضان سنت سے لوگوں کو تعلیم دیتے ہیں جبکہ دیوبند مکتبہ فکر والے اپنے بزرگ کی ترتیب دی گئی کتاب فضائل اعمال پڑھ کر درس دیتے ہیں۔
جیسا کہ ذکر کیا گیا کہ دونوں مسلمانوں میں ہی تبلیغ کرتے ہیں تبلیغ کہنا یہاں صحیح بھی ہو سکتا ہے کیونکہ دونوں اپنے اپنے مذہب کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ یہ عالم نہیں ہوتے اس لیے یہ قرآن، سنت اور احادیث براہ راست بتانے کے بجائے فیضانِ سنت یا فضائل اعمال کے حوالے سے ذکر کرتے ہیں۔ دونوں ہی اصلاح معاشرت پر بات کرنے کے بجائے قبر جنت دوزخ کی بات کرتے ہیں جو رٹارٹایا ہوتا ہے بس اسے ہی دہراتے ہیں معاشرتی اور معاشی مسائل پر بات نہیں کرتے ہیں بلکہ ذکر اذکار کے فضائل بتاتے ہیں جب غریب سامع ہوتے ہیں تو صحابہ کی غربت اور مشکلات کا ذکر کرتے ہیں اور سامع امیر ہوتے ہیں تو صدقہ خیرات کے فضائل بیان کیے جاتے ہیں۔ انھیں اس کام کے لیے لوگ چاہیے ہوتے اس لیے روزگار اور تجارت سے کمانے کی تلقین نہیں کرتے جبکہ ان کے اکابرین مالدار ہوتے ہیں جو بڑی بڑی کوٹھیوں میں رہتے ہیں اور بڑی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں۔ دونوں کے اپنے اپنے اکابرین ہیں جن سے یہ رہنمائی لیتے ہیں۔ اکابرین مرکز میں بیٹھ کر ان کے قافلوں کی تشکیل کرتے ہیں اور خود شاہانہ انداز سے رہتے ہیں۔ ان قافلوں میں روانہ ہونے کے لیے آنے والوں میں سے کچھ کو اپنی خدمت کے لیے روک لیتے ہیں یہ ان کی خدمت کو اجر کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ ان کے اس طرزِ عمل کے باعث اسلامی شعور معاشرے میں نظر نہیں آتا بلکہ دین کی باتیں کرنا اور معاملات کرنا الگ الگ نظر آتا ہے کہیں تو معاملات ان کی باتوں کے الٹ بھی نظر آتے ہیں۔

.jpeg)
