اتوار، 23 اگست، 2026

رفع حاجت:

 حاجت کے معنی ضرورت اور ضرورت کے حاجت ہیں۔ کھانے پینے اور استعمال کی چیزوں کو ضروریاتِ زندگی کہا جاتا ہے جبکہ حاجت کا لفظ رفع حاجت سے جوڑ کر پیشاب پاخانے تک محدود کر دیا گیا ہے بچے کو پیدائش پر خوراک کی ضرورت ہوتی ہے وہ ماں کا دودھ پیتا ہے ساتھ رفع حاجت کا عمل بھی شروع ہو جاتا ہے بچے کی پیدائش پر 24 سے 48 گھنٹے میں رفع حاجت ہونا نارمل سمجھا جاتا ہے یوں پیدائش پر سب سے پہلے یہ دونوں حاجات یا ضروریات کا آغاز ہوتا ہے۔

بچہ چار ماہ تک صرف ماں کا دودھ پیتا ہے اور بچھونے میں ہی رفع حاجت کرتا ہے چار ماہ کے بعد بچے کو ماں کے دودھ کے ساتھ کچھ دوسری غذا مثلاً پتلا دلیہ، سوجی کا حلوہ وغیرہ دینے کا آغاز کیا جاتا ہے تو رفع حاجت کا انداز بھی بدل جاتا ہے۔ پہلے زمانے میں سمجھ دار مائیں سمجھ جاتی تھیں بچہ رفع حاجت کرنا چاہتا ہے تو اپنے پیروں کے پنجوں پر بٹھا کر رفع حاجت کراتی تھیں۔ پنجوں کو کُھڈّی کے انداز سے زمین پر رکھتی تھیں بیچ میں خلا رہتا تھا بچہ باآسانی فارع ہو جاتا تھا۔ یوں یہ بچے کی پہلی کُھڈّی ہوتی ہے۔ دو سال کا ہونے تک بچہ پیشاب پاخانہ کی ضرورت کے بارے میں ماں کو بتانے کے قابل ہو جاتا تھا ماں اسے مختص جگہ پر اکڑو بٹھا کر رفع حاجت کراتی تھی اب تو دو سال یا اس سے بھی زیادہ عمر تک بچے کو ڈائپر باندھ دیا جاتا ہے بچہ بلا تکلف و کراہت فارغ ہوتا رہتا ہے اور ماں بےفکر رہتی ہے۔ گُو مُوت جس سے کراہت ہوتی ہے بچہ ڈائپر میں لیے گھومتا پھرتا ہے۔

آجکل کے بچے کُھڈّی نہیں جانتے کیونکہ نا انھوں نے استعمال کی ہے اور نا دیکھی ہے۔ رفع حاجت کی جگہ کو شروع میں سب سے پہلے کُھڈّی ہی کہا گیا ہو گا۔ بعد میں بہت سے نام پڑے ہوں گے جیسے کاکس، یہ لفظ برصغیر میں باہر سے آیا تھا لیٹرین بھی باہر سے آیا لفظ ہے پاخانہ یہ فارسی ہے مقامی لفظ ٹٹی ہے جس کے معنی رکاوٹ یا آڑ کے ہیں جیسے گرمیوں میں خس کی ٹٹی کی آڑ لگائی جاتی ہے عربی سے بیت و الخلاء آیا ہے خالی خانہ۔ ان سب الفاظ میں مطلب کُھڈّی ہی ہے ایسی الگ جگہ جہاں رفع حاجت سے فارغ ہوا جائے۔ وہ جگہ جہاں گُو مُوت کیا جاتا ہے عام طور پر بولا جاتا ہے پاخانہ کرنے جا رہا ہوں جوکہ غلط ہے پاخانے گُو کرنے جاتے ہیں انسانی فضلے کو گُو کہا جاتا ہے جسے انگریزی میں Stool کہتے ہیں۔ لیکن پیشاب کا معاملہ دیگر ہے یہ فارسی لفظ ہے اس کے معنی مُوت ہے لیکن پاخانہ جگہ کا نام ہے جس چیز کا اخراج کرتے ہیں اسے گُو کہا جاتا ہے یہ ایسے ہی مستعمل ہو گیا جیسے ناک آ رہی ہے ناک تو عضو کا نام ہے ناک سے جو رطوبت نکلتی ہے اسے رینٹ کہتے ہیں۔ گُو ایسے ہی ہے جیسے گائے بھینس کے فضلے کو گوبر اور پرندوں کے فضلے کو بیٹ کہا جاتا ہے۔

انسان کے جسم سے خارج ہونے والی رطوبت و مادے الٹی، پیشاب، پاخانہ، رینٹ، تھوک، الٹی حتیٰ کہ پسینہ تک باعث کراہت ہوتا ہے۔ زمانہ قدیم سے پیشاب پاخانہ اٹھنے بیٹھنے کی جگہ سے دور جا کر کیا جاتا تھا۔ گاؤں دیہاتوں میں بھی گھر سے باہر دور جا کر رفع حاجت سے فارغ ہوتے تھے۔ زمانہ قدیم سے جب شہری زندگی کا آغاز ہوا تو بھی گھروں کی قطاروں کے بعد مشترکہ لیٹرین بنے ہوتے تھے آج سے پچاس سال قبل تک گھر میں غسل خانہ باورچی خانہ صحن دالان اور کمرے ہوتے تھے مگر گلیوں کے درمیان میں مشترکہ لیٹرین ہوتے تھے جہاں مکین جا کر رفع حاجت کیا کرتے تھے۔ پھر گھروں میں لیٹرین بننا شروع ہوئے ایک گھر میں دو تین خاندان رہتے تھے مگر ایک لیٹرین ہوتا تھا۔ یہ لیٹرین دراصل کُھڈّی ہوتی تھی۔ اینٹوں سے دو قدمچے اٹھا دیئے جاتے تھے جس سے بیچ میں کھڈا بن جاتا تھا قدمچوں پر پیر رکھ کر اکڑو بیٹھ کر رفع حاجت سے فارغ ہوتے تھے کھڈے میں کوئی ڈبہ رکھا ہوتا تھا جسے میتر آ کر صاف کر جاتا تھا۔ پھر فلیش سسٹم آ گیا اب کھڈے کی جگہ WC لگ گئی۔ اب ہر منزل پر الگ الگ لیٹرین بننے لگے۔ پھر اٹیچ باتھ روم بننے لگے اس کے بعد اٹیچ ڈرائنگ روم بننے لگے یوں  پاخانہ جنگلوں، کھیتوں محلے کے مشترکہ لیٹرینوں سے ہوتا ہوا کمروں تک پہنچ گیا۔ کُھڈّی جسے لیٹرین کہا جاتا تھا باتھ روم کہلانے لگا۔ کھڈی کے مقابلے میں WC پر آسانی سے بیٹھا جاتا تھا پھر اس پر دشواری محسوس ہونے لگی تو کموڈ آ گیا جس پر آرام سے کرسی کی طرح بیٹھ کر رفع حاجت سے فارغ ہوا جاتا ہے مزے سے اخبارات پڑھتے، دانتوں کو برش کرتے ہوئے رفع حاجت سے فارغ ہوا جاتا ہے اس سہل پسندی کو دیکھتے ہوئے ہو سکتا ہے رفع حاجت کے ساتھ ناشتہ بھی کیا جاتا ہو اگر ابھی نہیں کیا جاتا تو آنے والوں وقتوں میں مصروف زندگی ہونے کی وجہ سے ایسا بھی ہونے لگے۔ لگتا ہے یہ کموڈ پر فارغ ہونے والے مسجدوں میں کرسیوں پر بیٹھ کر نماز پڑھنے والوں کی تعداد میں اضافے کا سبب ہوں۔

اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے اس میں رفع حاجت کے بھی آداب و طریقہ ہے۔ رفع حاجت کی جگہ پر جانے کی دعا ہے ایسی جگہ بیٹھیں جہاں کوئی دیکھ نہ سکے اور ستر چھپا رہے۔ قبلہ کی طرف منہ یا پیٹھ کر کے رفع حاجت کرنا منع ہے۔ بائیں پاؤں پر وزن ڈال کر بیٹھیں اور دائیں پاؤں کو سیدھا کھڑا رکھیں۔ دوران رفع حاجت بات چیت نہ کریں پانی میسر ہو تو پانی سے دھوئیں دھونے کے لیے بایاں ہاتھ استعمال کریں۔ کُھڈّی سے لیکر ڈبلیو سی تک رفع حاجت کے لیے اکڑو ہی بیٹھا جاتا تھا اب عہد حاضر کے کموڈ پر کرسی کے انداز میں بیٹھتے ہیں جو سائنسی طور پر بھی نامعقول طریقہ لگتا ہے رفع حاجت کے لیے دُبُر عمودی ہونا چاہیے تاکہ بڑی آنت میں موجود فضلہ باآسانی خارج ہو سکے جبکہ کرسی کے انداز میں بیٹھنے سے بڑی آنت مڑ جاتی ہے جس کی وجہ سے فضلہ پوری طرح خارج نہیں ہو پاتا۔ جو ذھنی اور جسمانی بیماریوں کا سبب ہو سکتا ہے۔

منگل، 18 اگست، 2026

تبلیغ یا تعلیم:

 تبلیغ کے لغوی معنی ابلاغ ہیں یعنی خبر پہچانا پیغام پہنچانا۔ تبلیغ دینی اصطلاح ہے جیسے نکاح طلاق جہاد وغیرہ دینی اصطلاح کے مطابق دین اسلام مشرکوں، بےدینوں تک پہنچانا تبلیغ ہے۔ جیسا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دین اسلام کی تبلیغ فرمائی اور آپ کے صحابہ نے دین اسلام دنیا میں پھیلایا۔ یہاں تبلیغ دعوت کے معنوں میں بھی ہے یعنی دین اسلام کی دعوت دینا ہے جو نہیں جانتے کہ اللہ حقیقی معبود ہے انھیں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بتایا کہ ہمارا معبود اللہ ہے اور میں اللہ کا رسول ہوں مجھ پر اللہ کی جانب سے وحی آتی ہے یہ ہی دعوت صحابہ اجمعین دیا کرتے تھے "نہیں ہے کوئی معبود سوائے اللہ کے اور محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے رسول ہیں"۔!جب لوگ دعوت دین قبول کرکے دین اسلام میں داخل ہو جاتے تھے تو ان کی تعلیم کا اہتمام کیا جاتا تھا انھیں نماز، روزہ زکوٰۃ حج کے بارے میں بتایا جاتا تھا دین اسلام کے مطابق حلال و حرام کے ساتھ ساتھ رہنے سہنے اور اخلاق حسنہ کی تعلیم دی جاتی تھی۔

آج کل دین کی تعلیم دینے کو تبلیغ سے تعبیر کیا جاتا ہے اور اس کے فضائل دین اسلام کی تبلیغ کرنے والے صحابہ کرام والے بتائے جاتے ہیں۔ برصغیر میں تقریباً سو سال قبل دعوت تبلیغ کے نام سے الیاس کاندھلوی نے ایک سلسلہ شروع کیا یہ تبلیغ کے نام پر لوگوں کو تعلیم دینے نکلتے ہیں۔ یہ تبلیغ ہندوستان میں ہندوؤں اور دیگر مذاھب کے لوگوں کو دین اسلام کی دعوت دینا نہیں ہے۔ بلکہ مسلمانوں کو اپنا ہم عقیدہ بنانا ہے اس کے لیے انھوں نے ایک طریقہ کار وضح کیا ہوا ہے اور ایک سلیبس بنایا ہوا ہے۔ کچھ تربیت یافتہ اس طریقۂ کار اور سلیبس کے مطابق مسلمانوں کو تعلیم دیتے ہیں جسے یہ تبلیغ کہتے ہیں جو ان سے وابستہ ہو جاتے ہیں وہ دوسروں کو تعلیم دیتے ہیں اس کے لیے یہ اپنے گھروں کو چھوڑ کر  دور دراز علاقوں میں نکل جاتے ہیں اس نکلنے کی مدت کی بھی ایک ترتیب ہے کوئی تین دن کے لیے نکلتا ہے اسے سہ روزہ کہتے ہیں اسی طرح دس دن، چالیس دن اور سال بھر کے لیے اپنے گھروں سے نکل کر دور دراز علاقوں میں جا کر درس دیتے ہیں۔ ملک سے باہر بھی نکلتے ہیں جسے بیرون وقت لگانا قرار دیا جاتا ہے۔ برصغیر کے مسلمان امام ابو حنیفہ کے فقہے کے پیروکار ہیں مگر دو مسالک میں تقسیم ہیں ایک دیوبند اور دوسرا بریلوی مسلک کہلاتا ہے۔ الیاس کاندھلوی صاحب دیوبند مکتبہ فکر کے حامی تھے اس لیے ان کی تعلیم دیوبند طرزِ عمل کی تعلیم ہوتی تھی۔ ان کی دیکھا دیکھی تقریباً بیس پچیس سال سے بریلوی مکتبہ فکر والوں کے بھی تبلیغی قافلے نکلنا شروع ہو گئے ہیں حسن اتفاق کہ یہاں بھی اس کام کے روح رواں کا نام الیاس ہی ہے۔ نام کی مماثلت کے ساتھ دیگر طریقہ میں بھی یکسانیت ہے۔ یہ اپنے بزرگ کی ترتیب دیئے گئے سلیبس پر مشتمل کتاب  فیضان سنت سے لوگوں کو تعلیم دیتے ہیں جبکہ دیوبند مکتبہ فکر والے اپنے بزرگ کی ترتیب دی گئی کتاب فضائل اعمال پڑھ کر درس دیتے ہیں۔

جیسا کہ ذکر کیا گیا کہ دونوں مسلمانوں میں ہی تبلیغ کرتے ہیں تبلیغ کہنا یہاں صحیح بھی ہو سکتا ہے کیونکہ دونوں اپنے اپنے مذہب کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ یہ عالم نہیں ہوتے اس لیے یہ قرآن، سنت اور احادیث براہ راست بتانے کے بجائے فیضانِ سنت یا فضائل اعمال کے حوالے سے ذکر کرتے ہیں۔ دونوں ہی اصلاح معاشرت پر بات کرنے کے بجائے قبر جنت دوزخ کی بات کرتے ہیں جو رٹارٹایا ہوتا ہے بس اسے ہی دہراتے ہیں معاشرتی اور  معاشی مسائل پر بات نہیں کرتے ہیں بلکہ ذکر اذکار کے فضائل بتاتے ہیں جب غریب سامع ہوتے ہیں تو صحابہ کی غربت اور مشکلات کا ذکر کرتے ہیں اور سامع امیر ہوتے ہیں تو صدقہ خیرات کے فضائل بیان کیے جاتے ہیں۔ انھیں اس کام کے لیے لوگ چاہیے ہوتے اس لیے روزگار اور تجارت سے کمانے کی تلقین نہیں کرتے جبکہ ان کے اکابرین مالدار ہوتے ہیں جو بڑی بڑی کوٹھیوں میں رہتے ہیں اور بڑی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں۔ دونوں کے اپنے اپنے اکابرین ہیں جن سے یہ رہنمائی لیتے ہیں۔ اکابرین مرکز میں بیٹھ کر ان کے قافلوں کی تشکیل کرتے ہیں اور خود شاہانہ انداز سے رہتے ہیں۔ ان قافلوں میں روانہ ہونے کے لیے آنے والوں میں سے کچھ کو اپنی خدمت کے لیے روک لیتے ہیں یہ ان کی خدمت کو اجر کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ ان کے اس طرزِ عمل کے باعث اسلامی شعور معاشرے میں نظر نہیں آتا بلکہ دین کی باتیں کرنا اور معاملات کرنا الگ الگ نظر آتا ہے کہیں تو معاملات ان کی باتوں کے الٹ بھی نظر آتے ہیں۔

اتوار، 21 جون، 2026

نیا فتنہ قرآن خود سمجھو:

دین اسلام میں جتنے بھی فتنے پیدا ہوئے وہ قرآن کو سمجھنے اور سمجھانے کے ہیں۔ عبداللہ بن سبا اور حسن بن سبا نے قرآن کے خود ساختہ ترجموں سے ہی منافرت پھیلائی۔ اب عہد حاضر میں جو سوشل میڈیا کا عہد ہے اس میں بہت سارے لوگوں کی ریلیں نظر سے گذرتی ہیں جس میں وہ بظاہر لبرل نظر آنے والوں کو قرآن سمجھاتے ہیں جیسا انھوں نے سمجھا۔

سوشل میڈیا پر علامہ گیری ابتدا سے ہی ہو رہی ہے جیسے پاکستان کے کرنسی نوٹوں پر اردو عبارت غلط لکھی ہے یا پاکستان  کا قومی ترانہ تو فارسی میں ہے وغیرہ وغیرہ ان عقل کے اندھوں نام نہاد ماہرِ لسانیات کو کون سمجھا سکتا ہے جنھیں 80 سال بعد سمجھ آئی ہے خود سے قرآن سمجھنے والوں کو 1500 سال بعد سمجھ آئی۔ یہ لغات کہاں سے لائے ہیں ان کی اپنی ہیں تو ہم نہیں مانتے اور خود کی اختراع ہیں تو ہم کیوں مانیں اگر پرانی لغات سے استفادہ کر رہے ہیں تو یہ کیوں کر رہے ہیں پچھلے تو سارے گمراہ تھے۔

اس پوسٹ کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی آج ایک صاحب ریل میں بتا رہے تھے اسلام کے معنی سلامتی والے کے ہیں اور مسلم کے معنی بھی سلامتی والا ہے زبان اور لہجہ عاجزی سے عاری تمسخرانہ تھا مزید کہتے ہیں فلاں کہتے ہیں بھائی دین میں اس انداز سے بات نہیں کی جاتی الاں فلان بازارو زبان ہے۔ جو آپ بتا رہے ہیں اس میں کون سی نئی بات ہے ہمارا دین اسلام ہے جس کے معنی سلامتی کا دین ہے اور جو اس دین کے ماننے والے ہیں وہ مسلم کھلاتے ہیں مزید اس پر بھی اعتراض کہ اسلام کو دین کہتے ہیں اور دیگر کو مذاہب کہتے ہیں۔

موصوف کو عربی قدیم اور جدید کا فرق بھی شاید پتہ نا ہو یہ اس طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے ہی جیسوں کو سمجھا رہے ہوتے ہیں جنھیں چند سال قبل إِیّاکَ نَعْبُدُ وَ إِیّاکَ نَسْتَعینُ کے معنی معلوم ہوئے ہیں۔ ساری زندگی اندھیرے میں گذار دی اور یہ خود ایک ریل میں فرما رہے تھے کہ یہ تاثر قطعی غلط ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شفاعت فرمائیں گے قرآن میں واضح حکم ہے کہ جو جیسا کرے گا ویسا صلہ پائے گا تو 80 سال کی گمراہی کی زندگی گذارنے کے بعد اب سمجھ آئی ہے تو ناسمجھی میں جو زندگی گذار بیٹھے ہو اس کی سزا تو پاؤ گے اور انھیں بھی جہنم میں اپنے ساتھ پاؤ گے جنھیں نئی تاویلیں بتا رہے ہو۔ دنیا میں مختلف فرقے بنے ہیں تمھارا بھی ایک فرقہ کہلائے گا۔ جیسے پرویزی، بہائی، وہابی وغیرہ وغیرہ۔

آئمہ خمسہ نے اپنی زندگیاں لگا دیں اور فقہی احکام کی تشریح فرمائی یہ پانچ آئمہ امام نعمان بن ثابت المعروف ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ، امام مالک مالک بن انس رحمۃ اللہ علیہ، امام شافعی محمد بن ادریس رحمۃ اللہ علیہ، امام احمد بن حنبل احمد بن محمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ اور امام جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ جنھوں نے قرآن و سنت، احادیث، تاریخ کے سیاق و سباق کے مطابق اسلامی فقہے مرتب کیے انھوں نے اس کام میں اپنی زندگیاں لگا دیں۔ ان میں فکر و تشریح کا اختلاف ہو سکتا ہے اور ہے یہ ابتدائی  زمانے کے قریب ترین تھے۔ یہ پانچ فرقے نہیں ہیں فقہے کی پانچ درس گاہیں ہیں۔ ان سے استفادہ کرتے ہوتے نئے زمانے کے مطابق مسئلے حل کیے جا سکتے ہیں جو من و عن ویسے نا بھی ہوں مگر اس پر اجتہاد ہو سکتا ہے۔ یہ ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا کہ کوئی لبرل عامیانہ انداز سے دین بتانے لگ جائے۔ یہ ہماری بد نصیبی ہے کہ ہم اپنے اسلاف سے دور ہو گئے ہیں دین سے زیادہ دنیا ہماری ترجیح ہو گئی ہے اس پر سونے پر سہاگہ یہ کہ سوشل میڈیا کی یلغار ہو گئی ہے۔ ہم کہہ سکتے ہیں

"بلی کے بھاگوں چھیکا ٹوٹا"

میں نا عالم ہوں اور نا صاحب علم ہوں صاحبانِ علم کی صحبت میں آخری کونے میں کہیں بیٹھنے کی جگہ ملی گئی تو کچھ سن لیا کم عقل ہونے کے باعث کچھ سمجھا اور کچھ نہیں سمجھ سکا۔ حلقۂ احباب میں بتایا تو اصلاح مل گئی۔ جوانی میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا شکوہ جواب شکوہ نے متاثر کیا پڑھنا شروع کیا تو کچھ سمجھ نہیں آتا تھا بازار سے شرح خرید کر لایا اس سے کچھ سمجھا کچھ نہیں سمجھا میرے ماموں اہل تصوف میں بیٹھا کرتے تھے ان سے بہت کچھ سمجھا اب بھی بہت کچھ سمجھنے کے لیے باقی ہے۔ میں تو اتنا نالائق ہوں اردو میں لکھے ہوئے کلام کو خود نہیں سمجھ سکتا کلام الہی کو خود سے سمجھنے کی نا مجال ہے نا استطاعت۔

یہاں سوال چھوڑے جا رہا ہوں اگر دنیا کا ہر شخص قرآن کو پڑھ کر خود سمجھ سکتا ہے تو دنیا میں بسنے والے سوا ارب مسلمان ایک جیسا ہی سمجھیں گے تو پھر تم اپنا سمجھا کیوں تھوپ رہے ہو اور اگر نہیں تو تم جو سمجھے ہو اس کی سند لاؤ کہ تم صحیح سمجھے ہو۔ اگر سب تمھاری طرح فرق سے سمجھیں تو کیا قرآن کی وحدت قائم رہ سکے گی؟

بدھ، 17 جولائی، 2024

حلیم اخوت اور بھائی چارے کی مثال:

 حلیم اور دلیم کی بحث مہنگائی کی نذر ہو گئی اس سال کوئی ایسی تحریر پڑھنے میں نہیں آئی جس میں حلیم دلیم پر بحث کی گئی ہو۔ جب سے ہوش سنبھالا حلیم ہی کہا، سنا اور کھایا چند سالوں سے یہ بحث چھڑ گئی کہ حلیم کہنا غلط ہے دلیم کہنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی حلیم کے لنگر کی وہ کثرت بھی نظر نہیں آئی جو گزشتہ سالوں میں نظر آتی تھی حلیم بغیر کہے گھر پر آ جاتا تھا اس سال تو کئی احباب سے کہا بھی مگر حلیم نا آیا۔

دلیم کے موجدین کا کہنا ہے حلیم اللہ تعالیٰ کا صفاتی نام ہے اس لیے حلیم کہنا درست نہیں۔ اللہ تعالیٰ کے صفاتی نام اور بھی ہیں جیسے اللہ تعالیٰ کا صفاتی نام مالک بھی ہے یہ کثرت سے استعمال ہوتا ہے جیسے اس گھر کا کون مالک ہے اس گاڑی کا کون مالک ہے اس پلاٹ کا کون مالک ہے وغیرہ وغیرہ 

اس پر تو آج تک کوئی اعتراض نہیں ہوا اس کے جواب میں یہ ہی کہا جاتا ہے کہ اس گاڑی کا فلاں مالک ہے یا اس پلاٹ کا میں مالک ہوں۔ حلیم کے معنی نرمی والا، متحمل کے ہیں

حلیم ایسا کہ دیوانی ایک دنیا تھی 

کہ اس سے ہاتھ ملانا ثواب لگتا تھا 

حلیم ایک ایسا پکوان ہے جس میں اجناس اس قدر گل جاتی ہیں کہ تمام اجناس یک جان ہو جاتی ہیں جس میں کسی بھی چیز کا ذائقہ الگ محسوس نہیں کیا جا سکتا بلکہ سب کے باہم پکنے سے ایک لذیذ کھانا بن جاتا ہے جو نرم اور ملائم ہوتا ہے اس کی خاص بات یہ بھی ہے اس میں دالیں چاول مرچ مصالحے جو بھی ڈالے جاتے ہیں سب ضم ہو جاتے ہیں۔ حلیم مزیدار، چٹ پٹا ہی مزا دیتا ہے۔ کبھی تھانوی صاحب کے حوالے سے پرمزاح بات سنی تھی۔ کسی کے یہاں ان کی دعوت ہوئی، اس نے حلیم کھلایا اور اس قدر چٹ پٹا بنا رکھا تھا کہ کھاتے وقت حضرت تھانوی کی آنکھوں اور ناک سے خوب پانی نکلنے لگا تو حضرت نے فرمایا ”کس ظالم نے اس کا نام حلیم رکھا ہے یہ بہت غضبناک ہے“۔

حلیم کی علمی بحث سے ہٹ کر حلیم ایک ایسا پکوان ہے جس میں اخوت، بھائی چارے اور یکجہتی کی ضرورت ہوتی ہے سنتے ہیں کہ شب عاشور کے بعد شہید کربلا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قافلے کے لوگوں نے زاد راہ میں سے بچ جانے والی اجناس جس میں گیہوں، جو، چاول اور دالیں شامل تھی ایک بڑے دیگچے میں ڈال کر پکایا جس سے قافلے والوں کے لیے خوارک تیار کی گئی۔ اسی روایت کو قائم رکھتے ہوئے اب بھی حلیم تیار کیا جاتا ہے۔ شہدائے کربلا کی نیاز و نذر کا لنگر بانٹا جاتا ہے۔ پرانے وقتوں سے حلیم کے لیے بہت سے لوگ مل کر حلیم بنانے کا اہتمام کرتے ہیں صرف اخراجات میں ہی حصہ داری نہیں کی جاتی بلکہ اسے تیار کرنے میں بھی سب حصہ لیتے ہیں پوری رات حلیم کے اجزاء کو گلایا جاتا ہے اچھی طرح گل جانے پر سب مل کر باری باری گھونٹا لگاتے ہیں۔ اب اخراجات کے حوالے سے مہنگائی یکجا نہیں ہونے دیتی کسی کی استطاعت نہیں تو کوئی کسی مسئلے میں الجھا ہوا ہے اس طرح نا اخراجات میں باہمی تعاون رہا اور نا حلیم کی تیاری میں۔ اگر مہنگائی کا یہ تسلسل برقرار رہا اور بھائی چارہ یوں ہی مفقود ہوتا رہا تو نا حلیم بنے گا اور نا دلیم رہے گا۔ کھچڑا ہی رہ جائے گا لوگ اپنے اپنے گھروں میں بنائیں گے اور خود ہی کھائیں گے۔



بدھ، 5 جون، 2024

شیخ، شیخ قریشی اور قریشی:

شیخ:

شیخ کے معنے عرب کے باشندے کے ہیں جیسے افغانستان کے لوگ خان کہلاتے ہیں۔ اور ہالینڈ کے ڈچ وغیرہ وغیرہ۔ برصغیر میں ہندوستان کے مقامی لوگ جب کسی عرب شیخ کے ہاتھ پر دائرہ اسلام میں داخل ہوتے تو بطور عزت شیخ کا لقب دے دیا جاتا تھا یعنی آپ بھی مرتبے میں عربی مسلمان کے برابر ہو جیسا کہ خطبہ حجتہ الوداع میں آقا و مولا حضرت محمد مصطفٰے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ کسی عربی کو عجمی پر اور عجمی کو عربی پر کوئی برتری حاصل نہیں۔ اسلام میں عرب کی برتری مسلم تھی اس لیے ہندوستان کے نومسلموں کو بھی اعزازی طور پر شیخ کا لقب دے کر بزرگی کا شرف عطا کیا جاتا تھا۔ اس کی ایک اعلیٰ مثال علامہ شیخ محمد اقبال رحمۃ اللّٰہ علیہ کی ہے ان کے اجداد برہمن تھے دائرہ اسلام میں داخل ہو کر شیخ کہلائے علامہ اقبال کے والد شیخ نور محمد کے اجداد کشمیر سے ہجرت کرکے سیالکوٹ میں آباد ہوئے تھے۔

برصغیر میں ذات پات کا نظام تھا اس لیے نسل در نسل باپ دادا کے پیشے اور مرتبے سے لوگوں کی شناخت کی جاتی تھی۔ ان نو مسلم شیخوں کی اولاد شیخ کہلائی یوں ایک قوم یا برادری کی صورت آج ہمیں نظر آتی ہے۔ دراصل عرب النسل لوگ شیخ ہیں جو اپنی اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں یہ شیخ صدیقی، فاروقی، عثمانی، ہاشمی اور قریشی ہیں جبکہ سید بھی عرب سے تعلق جوڑتے ہیں جن کا نسب ہاشمی بنتا ہے مگر شیخ کے بجائے سید سے پہچان رکھتے ہیں۔ عرب میں شیخ تو نام کے ساتھ لگایا جاتا ہے جیسے شیخ زید بن سلطان النہیان وغیرہ مگر سید نہیں لگایا جاتا تعظیم کے طور سید کہہ کر پکارا اور لکھا تو جاتا ہے۔   اس سے ہٹ کر دیکھیں تو چودھدری ایک منصب ہے گاؤں کے لوگ اپنے فیصلوں کے لیے ایک ثالث مقرر کر لیتے ہیں جو مقامی طور پر چودھدری کہلاتا ہے اس کی اولاد اس منصب کی وجہ سے چودھدری والے کہلاتی ہے اور نسل در نسل چودھدری ذات برادری بن جاتی ہے چودھدری ہندوستان و پاکستان ہندو و مسلم دونوں میں ملتے ہیں۔ اسی طرح کسی قوم کا کوئی شخص قاضی ہوا تو اس کی نسل قاضی کہلائی سندھ میں قاضی قوم بھی بستی ہے۔ ان کی اصل شناخت ان کی قوم ہے جس سے ان کا تعلق ہے۔

شیخ قریشی:

برصغیر میں عرب مسلمان کثیر تعداد میں آ کر آباد ہوئے جو سب شیخ کہلائے مگر اپنی الگ شناخت بھی رکھنے کی وجہ سے اپنے انساب کی بابت الگ پہچان بھی کرواتے تھے شیخ صدیقی، شیخ فاروقی، شیخ عثمانی، شیخ قریشی شیخ ہاشمی وغیرہ شیخ ہاشمی، جبکہ سید بھی شیخ ہاشمی ہیں مگر الگ سے شیخ ہاشمی بھی ملتے ہیں۔ ہاشمی اور سید مسلمانوں کے دو بڑے فرقے شیعہ اور سنی دونوں میں ملتے ہیں۔ جبکہ باقی شیخ سب سنی فرقے سے تعلق رکھتے ہیں جو سنی فرقے کے دونوں مسالک دیوبندی اور بریلوی سے رجوع کرتے ہیں۔

برصغیر میں بسنے والے سارے پٹھان افغان ہیں جو خان کہے جاتے ہیں مگر اپنی جدا شناخت بھی رکھتے ہیں جیسے خان یوسفزئی، خان پوپلزئی وغیرہ۔

:قریشی 

کچھ لوگ اپنے نام کے ساتھ قریشی لگاتے ہیں پوچھنے پر قریشی لگانے کی کوئی دلیل نہیں بتاتے ان لوگوں کے حالاتِ زندگی بتاتے ہیں یہ کون لوگ ہیں جیسے پاکستان میں میراثی خود کو قریشی کہلواتے ہیں۔ جو صرف قریشی ہیں وہ عرب قریشی نہیں ہیں انھوں نے جیسا دیس ویسا بھیس کے مصداق قریشی قوم کا لبادہ اوڑھ لیا ہے میراثیوں کے علاوہ بھی دیگر لوگ قریشی بنے ہوئے ہیں۔ جن کی بود و باش ان کے نسب کا پتہ دیتی ہے۔

ہم شیخ قریشی اپنے نام کے ساتھ شیخ قریشی، شیخ یا صرف قریشی لگاتے ہیں جبکہ بہت سارے لوگ نام کے ساتھ ولدیت لگاتے ہیں یا پھر کوئی لاحقہ و سابقہ اختیار کیے بغیر نام بتاتے ہیں۔

عرب میں نام کے ساتھ قبیلہ قوم نہیں لکھا جاتا تھا بلکہ بن فلاں بن فلاں لکھا جاتا ہے خلفاء راشدین اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم نام کے ساتھ قریشی نہیں لکھا گیا جب حسب نسب کی تفصیل آتی ہے تو بتایا جاتا ہے کہ قریش قبیلے سے تعلق رکھتے تھے اسی طرح شیخ قریشی اپنے نام کے ساتھ شیخ لگائیں یا صرف قریشی لگائیں مگر اپنے تعارف میں وہ شیخ قریشی ہیں۔ ہماری قوم کی شناخت ہمارے رشتے ناطوں میں پنہاں ہے نا ہم میں کوئی داخل ہو سکتا ہے اور نا خارج ہو سکتا ہے تاوقتیکہ کہ اس کے کسی جرم یا مذموم حرکت کے سبب اسے قوم سے سے بیدخل نا کر دیا جائے۔

وَاللہُ اَعلَمُ بِالصَّواب🙏

اتوار، 26 نومبر، 2023

ساتھی سے جیون ساتھی تک:

، میرے ساتھیو معذرت قبل از عرض!

یہ جو ساتھی ہوتا ہے کوئی غبارہ نہیں ہوتا کہ بچوں کی طرح کھیلے اور جب دل بھر گیا تو چھوڑ دیا وہ پڑے پڑے مرجھا جاتا ہے اور پھس ہو جاتا ہے۔ ساتھی ساتھ دینے کے لیے ہوتا ہے۔ ہاں ساتھی درجہ با درجہ ہوتے ہیں سب سے پہلے ساتھی ماں باپ ہوتے ہیں ماں دنیا میں آنے سے بھی پہلے سے ساتھ ہوتی ہے اور وہ ساتھ نبھاتی ہے تو ہم دنیا میں آتے ہیں مگر باپ اس سے پہلے سے ساتھی ہوتا ہے جب ہم اس کے نطفے میں ہوتے ہیں،  پھر بہن بھائی اور پھر بچپن میں ساتھ کھیلنے والے ساتھی اسکول مدرسے کے ساتھی کالج یونیورسٹی کے ساتھی اس کے بعد روزگار کے ساتھی اسی اثنا میں جیون کا ساتھی آ جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جب ہم کہیں آتے جاتے ہیں تو ہمیں سفر کے دوران بھی ساتھی ملتے ہیں۔ جو مختصر وقت کے لیے ہوتے ہیں سفر ختم ساتھ ختم۔ 

اسی طرح مدرسہ اسکول کالج یونیورسٹی ختم ساتھ ختم روز گار ختم ساتھیوں کا ساتھ ختم، مگر ان تمام مرحلوں سے کچھ ساتھی ایسے ضرور مل جاتے ہیں جو لمبے عرصے تک ساتھ نبھاتے ہیں کچھ تو نماز جنازہ میں شرکت کے بعد لحد تک ساتھ نبھاتے ہیں۔

ایسا اس لیے نہیں ہوتا کہ ہم اچھے ہیں یا ہمارے ساتھیوں میں صرف اچھائیوں ہی ہوتی ہیں بلکہ ہم اچھائیوں اور خامیوں کے ساتھ ایک دوسرے کو قبول ہوتے ہیں اور ساتھ نبھاتے ہیں۔

ان کے علاؤہ پڑوسی بھی ساتھی ہوتے ہیں پڑوس بدلا ساتھ چھوٹا ان میں سے بھی بہت سوں سے دیرپا ساتھ رہتا ہے۔ ایک کہاوت ہے کہ پڑوسی اور ماں باپ اپنی مرضی سے نہیں ملتے۔ پڑوس اگر ناقابلِ ساتھ ہوں تو بدلے جا سکتے ہیں مگر ماں باپ بدلے نہیں جا سکتے کیونکہ ماں باپ ہمارے وجود کا موجب ہیں ان کا ساتھ نبھانا اس ساتھ کا بدل بھی نہیں جو انھوں نے ہمارے دنیا میں آنے سے قبل نبھایا تھا ہمیں تو ان جیسا ہونا ہے۔ یہاں کوئی دوسری صورت نہیں۔ بقول مشتاق احمد یوسفی کے کہ اگر ماں باپ کو اپنے آنے والی اولاد کے لچھن پہلے سے معلوم ہو جائیں تو کوئی اولاد ہی پیدا نا کرے۔

ماں باپ پیدائش سے پہلے کے ساتھی ہوتے ہیں تو ان کا ساتھ بھی ان کی وفات کے بعد تک ادا کرنا ہے۔ ہمیں بڑے ہو کر ان کی خامیاں تلاش کرنے کا حق ہی حاصل نہیں اگر یہ ہماری بچپن کی حرکتیں عام کر دیں تو ہم کہیں منہ دکھانے کے قابل ہی نا رہیں۔

جیون ساتھی، شریکِ حیات کو ہم بارضا و رغبت قبول ہے قبول ہے قبول ہے کہہ کر اپناتے ہیں یعنی اچھائیاں برائیاں جانے بغیر یا جانے بوجھے قبول کرتے ہیں تو اب ساری زندگی ہم پر لازم ہو جاتا ہے کہ اس خامیوں کو نذر انداز کریں کیونکہ اس ساتھ کا آغاز ہی قبول کرنے سے ہوا ہے۔ جیون ساتھی کا ساتھ جیون بھر خامیوں کے ساتھ ہی نبھتا ہے کیونکہ کوئی بھی خامیوں سے خالی نہیں۔ یہ آپ کا احسان ہے نا ایثار ہمارا ساتھی ہماری خامیوں پر ناصرف برہم نہیں ہوتا بلکہ ان پر پردہ ڈالتا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے میاں بیوی ایک دوسرے کا لباس ہیں۔

میاں بیوی کے درمیان خلوص کا رشتہ کامیاب گھریلو زندگی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اس کی بدولت گھر امن اور سکون کا گہوارہ بن جاتا ہے اس رشتے کے تعلق سے جو اولاد پیدا ہوتی ہے ان کے اذہان پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انسان کی زندگی میں فطرت اور ماحول دونوں ہی اثر پذیر ہوتے ہیں ہم آہنگی رکھنے والے میاں بیوی کی اولاد فطری طور پر ہم آہنگی کے جذبات رکھتی ہے اپنے ماں باپ کے درمیان ہم آہنگی کو دیکھ کر اولاد عملی طور پر بھی ہم آہنگی پسند ہوتی جاتی ہے اور جن مراحل کا ذکر آغاز میں ذکر کیا گیا ہے وہ تمام زندگی کے مراحل خوش اسلوبی سے طے کرتی ہے۔

ہفتہ، 10 دسمبر، 2022

ابنِ بطوطہ فیفا کے تعاقب میں ⚽

مراکش اور اسپین کا صدیوں پرانا بیر ہے. جیسے پاکستان بھارت کا، شاید اس سے بھی زیادہ۔ مراکش اور اسپین کے درمیان میچ پینلٹی شوٹ آؤٹ مرحلے تک پہنچا اور مراکش نے پہلی مرتبہ  کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تو یہ فٹ بال  میچ شائقین کے لیے ایک دلچسپ مرحلہ ثابت ہوا۔ مراکش نے اسپین سے میچ جیتا تو تمام کھلاڑی میدان میں سجدہ ریز ہوئے. کوچ ولید بھاگ کر اپنی ماں کے پاس پہنچا اور اس کے ماتھے پر بوسہ دیا. قطر ورلڈ کپ سے قبل دنیا نے ایسے مناظر نہیں دیکھے ہوں گے جیسے قطر میں دیکھنے میں آئے۔ کواٹر فائنل میں مراکش پرتگال کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ لگتا ہے تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہونے والا ہے.

فٹبال ورلڈ چیمپیئن مسلمان افریقی ملک مراکش بننے جا رہا ہے مراکش ایسے ہی جفا کش لوگوں کا ملک ہے چودھویں صدی کے اوائل میں ایک اکیس سالہ نوجوان ابو عبداللہ محمد مراکش کے شہر طنجہ سے دنیا دیکھنے نکلتے ہیں وہ حج کرنے کے ارادے سے اپنے گھر سے نکلے تھے۔ جب انہوں نے دنیا کو دیکھا تو پھر حج کرنے کے بعد واپس گھر جانے کے بجائے انہوں نے دنیا کا سفر کرنے کا ارادہ کرلیا اور پھر ساری زندگی سیر و سیاحت ہی میں گزار دی۔ انہوں نے جن ملکوں کا سفر کیا ان میں (آج کے ناموں کے اعتبار سے) مصر، شام، اردن، لبنان، اسرائیل، فلسطین، عراق، یمن، امارات کے ملک، سعودی عرب، ایران، ترکی، آذر بائیجان، جارجیا، روس، تاجکستان، ترکمانستان، آرمینیا، کرغستان، افغانستان، پاکستان، ہندوستان، مالدیپ، سری لنکا، تھائی لینڈ، برما، کمبوڈیا، ملائشیا، انڈونیشیا، چین، شمالی افریقہ کے ممالک، سوڈان، لیبیا، تیونس ،مراکش (جو کہ ان کا وطن تھا) نائیجیریا ، مالی ، اسپین، اور دوسرے ممالک شامل ہیں یہ سیاح و مورخ، ابن بطوطہ کے نام سے مشہور ہیں اپنے سفر نامے کو کتابی شکل دی۔ اس کتاب کا نام عجائب الاسفارنی غرائب الدیار ہے۔ یہ کتاب مختلف ممالک کے تاریخی و جغرافیائی حالات کا مجموعہ ہے۔ یورپ والوں کو انیسویں صدی میں ابن بطوطہ کے سفرنامہ کا علم ہوا۔ یورپی زبانوں سمیت دنیا کی مختلف زبانوں میں تراجم کیے گئے اردو میں اس سفرنامے کا ترجمہ "سفر نامہ ابنِ بطوطہ" کے نام سے دستیاب ہے۔ پاکستان کے مشہور ادیب و سیاح ابنِ انشاء نے اپنے سفر نامے کو "ابن بطوطہ کے تعاقب میں" نام دیا۔

بات چلی تھی فٹبال ورلڈ کپ میں مراکش کی شاندار کارکردگی سے "پہنچی وہیں پر خاک جہاں کا خمیر تھا" کے مصداق بات پہنچی پاکستان تک، ویسے بھی اس پورے بین الاقوامی ایونٹ میں پاکستان کا اہم کردار ہے جس کا ذکر کم کم ہی ہو رہا ہے۔


 

ہفتہ، 13 اگست، 2022

قومی کھیل اور آسٹروٹرف


پاکستان کا قومی کھیل ہاکی ہے متعدد بار ہاکی ورلڈ کپ جیتنے کئی بار عالمی اولمپک کھیلوں میں سونے کے میڈل جیتنے ایشیائی چیمپیئن رہنے کے باوجود ہاکی کا کھیل سرکاری سطح پر بےاعتنائی کا شکار رہا ہاکی کے کھلاڑیوں پر وہ نوازشیں کبھی نا ہوئیں جو کرکٹ کے کھلاڑیوں پر ہوتی رہیں۔ اب ہاکی کے اسٹیڈیم بھی اجاڑے جا رہے ہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہاکی قدرتی گھاس پر کھیلی جاتی تھی لیکن ستر کی دہائی میں آسٹروٹرف کو دنیا میں متعارف کرایا گیا جو ایک مصنوعی گھاس کا سینتھیٹک قالین ہوتا ہے۔ آسٹروٹرف کی بھی مختلف اقسام اب آچکی ہیں جن پر ہاکی کھیلی جاتی ہے۔

پہلے اس کا رنگ سبز ہوتا تھا لیکن اب یہ نیلے رنگ میں تبدیل ہو چکا ہے۔ پاکستان میں پہلا آسٹروٹرف کراچی کے ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم میں بچھائی گئی تھی۔ بعد میں اسے عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کر دیا گیا۔

عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم ہمیشہ سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان ہاکی کی پہچان رہا ہے۔ سن انیس سو اسی میں دوسری چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر یہاں پاکستان کی پہلی آسٹروٹرف بچھائی گئی تھی اس کا رنگ سبز تھا اتفاق سے ۱۹۸۴ میں اس آسَٹروٹرف پر شوقیہ میچ کھیلنے کا موقع ملا جس سے اندازہ ہوا کہ آسٹروٹرف گھاس نما ریشوں پر مشتمل دبیز کھالین ہوتا ہے۔ عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کی ۲۰۱۸ میں تزئین و آرائش کی گئی اب اس میں نیلے رنگ کی آسٹروٹرف بجھائی گئی ہے۔

لاہور ہاکی اسٹیڈیم کی آسٹروٹرف بھی نیلے رنگ کی تھی یہ آسٹروٹرف ۲۰۱۳ میں چار کروڑ روپے کی لاگت سے بچھائی گئی تھی جو اب ہٹائی جا رہی ہے کھیل کے میدان میں اب سیاسی کھیل ہو گا۔ کھلاڑی نے ۱۳ اگست کے جلسے کے لیے لاہور ہاکی اسٹیڈیم کا انتخاب کیا ہے۔ جہاں پاکستان کے ہر گول پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند ہوتے تھے اب وہاں کرکٹ کے آل راونڈر پاکستان کے سابق کپتان عمران خان کے نعرے وجن گے۔ سابق ہاکی اسٹار نے اس فیصلے کو ہاکی کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے سابق اولمپیئن انجم سعید کا کہنا ہے کہ یہ ایک سیاسی معاملہ ہے وہ بطور کھلاڑی اس پر زیادہ بات نہیں کر سکتے لیکن ایک عالمی معیار کے ہاکی گراؤنڈ کو سیاسی جلسے کے لیے استعمال کرنا درست نہیں ہے۔ میجر ریٹائرڈ پیر زادہ نے کہا کہ ہاکی اسٹیڈیم سے آسٹرو ٹرف کیوں اکھاڑی گئی اسٹیڈیم جلسہ گاہ نہیں ہے اسے جلسے کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

اتوار، 24 جولائی، 2022

۱۹۷۷ کے بعد کراچی میں شدید بارشیں ۲۰۲۲

30، جون 1977 کی یادگار بارشوں کے بعد اس سال ریکارڈ بارشیں ہوئیں یوں تو ایک دو سال چھوڑ کر کراچی میں بارشیں ہوتی رہیں جسے انتظامیہ ریکارڈ توڑ بارشیں بتا کر اپنی نااہلی چھپانے کی کوشش کرتی رہی۔ اس زمانے میں پری مون سون کی اصطلاح ایجاد نہیں ہوئی تھی اور پی ٹی وی خبرنامے سے موسم کا حال بتایا جاتا تھا اور بارش کی پیمائش کا پیمانہ بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق تھا چار گھنٹے موسلادھار بارش ہوئی کہا جاتا ہے تقریباً 8 انچ 200 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی تھی مختلف افواہیں بھی عام گشت کر رہی تھیں جن میں سب سے مضحیکہ خیز یہ تھی کہ دو چار گھنٹے اور بارش ہوتی تو حبیب بینک پلازہ کی 23 میں سے 20 منزلیں ڈوب جاتیں ویسے اگر اب بھی 200 ملی میٹر بارش کی پیشگوئی ہے مگر واقعی وہ طوفانی بارش ایک ریکارڈ یوں بھی ہے کہ صرف چار گھنٹوں میں 200 ملی میٹر اور اس کے ساتھ ہفتے بھر کی جھڑی لگی رہی چار گھنٹے کی طوفانی بارش کا پانی ریلوں کی شکل میں کراچی کی ندیوں میں گیا جس کی وجہ سے ان ندیوں کے قریبی علاقوں میں بہت زیادہ جانی اور مالی نقصان ہوا تین ہٹی کی ندی پل کے ساتھ بہہ رہی تھی ندی کی پل تک بلندی تقریباً حبیب بینک پلازہ کی بیس منزلوں کے برابر تو ہو گی لامحالہ ندی میں پڑی جھونپڑیاں بہہ گئیں یہ ہی حال لیاری ندی کا تھا جس پر 1978 میں پی ٹی وی سے "بارش" یادگار ڈرامہ بھی نشر کیا گیا تھا کورنگی کا شہر سے ہفتوں رابطہ منقطع رہا۔ ملیر برساتی ندی پر بنا نیا پل ایک طرف سے بیٹھ گیا تھا۔ یہ کراچی میں سیاسی فساد کا زمانہ تھا اس کے چند دن بعد 5 جولائی 1977 کو ملک میں مارشل لاء کا نفاذ ہوا۔
آج کے تیز رفتار میڈیا کے دور میں نئی نئی اصطلاحات سنے میں آتی ہیں جیسے بیانیہ شاید بیانیہ بیان اور موقف کا ملغوبہ ہے اسی طرح مون سون بارشوں سے متعلق قبل از مون سون، مون سون اور بعد از مون سون جبکہ پاکستان کے خطے میں چار ماہ بارشیں شروع سے ہی ہوتی ہیں برصغیر پاک و ہند میں موسموں کی تقسیم چار ماہ سردی چار ماہ گرمی اور چار ماہ برسات ہے سردیوں کی آمد سے قبل 15 اکتوبر سے 15 نومبر تک خزاں اور سردیوں کی رخصت کے ساتھ 15 فروری سے 15 مارچ تک بہار رت ہوتی ہے اسی مناسبت سے ربیع اور خریف کی فصلیں کہلاتی ہیں اساڑ، ساون، بھادوں اور کنوار یعنی 15 جون سے 15 ستمبر تک برسات کا موسم ہوتا ہے۔ مون سون کی درجہ بندی کے ساتھ بارش کے پیمانے بھی اپنے اپنے ہیں کوئی 100 ملی میٹر بتاتا ہے تو کوئی 80 ملی میٹر اور کوئی 110 ملی میٹر بتاتا ہے انتظامیہ دو سے ضرب دے کر شہر کی حالت آسمانی آفت قرار دیتی ہے 1977 میں شہر کا سیوریج کا نظام بہتر تھا شہر کا پانی آناً فاناً نالوں سے ہوتا ہوا ندی تک پہنچ گیا جہاں کم وقت میں اتنے زیادہ پانی سے طغیانی آ گئی جس سے ندی کے قریب کی آبادیاں متاثر ہوئیں پورے شہر کی حالت اتنی زیادہ بارشوں میں بھی بہتر رہی۔ خاص طور پر فیڈرل بی ایریا اور لیاقت کی حالت بہت بہتر رہی وقتی طور پر تو گھٹنوں گھٹنوں پانی تھا لیکن بارش تھمنے کے ڈیڑھ دو گھنٹے بعد گلیوں سے پانی نکل گیا کہیں نشیب میں پانی رک بھی گیا تو سوئیپرز نے برشوں کے ذریعے سوت دیا۔

اب سیوریج کا نظام برباد ہو چکا ہے گلیوں اور گلیوں سے ملحقہ راستوں کے گٹر عام دنوں میں بھی بند رہتے ہیں بارش کا پانی سیوریج کے راستے سے نہیں نکل پاتا اگر کہیں گٹر میں چلا بھی جاتا ہے تو آگے لائن بند ہونے کی وجہ سے وہاں گٹر ابل پڑتے ہیں یوں ابلتے گٹروں اور بارش کا پانی ناصرف گلیوں میں کھڑا رہتا ہے بلکہ گھروں میں داخل ہو جاتا ہے جس سے شہریوں کی قیمتی اشیاء برباد ہو جاتی ہیں جس کا سرکاری سطح پر کوئی تخمینہ بھی نہیں لگایا جاتا لہذا ازالہ بھی نہیں کیا جاتا۔ پورا شہر مہینوں گٹر باغیچہ بنا رہتا ہے۔ کراچی کو نکاسی آب کے مربوط نظام کی اشد ضرورت ہے سیوریج کے نظام کی خرابی کی وجہ سے بارشوں سے قبل انتظامیہ شہریوں کو خبردار کرتی ہے کہ Urban flood کا خطرہ ہے ہماری سمجھ میں نہیں آتا کہ اس آگاہی کا کیا کریں کیا اپنے اپنے گھروں کے آگے بند بنا لیں پہلے کراچی شہر کے لوگ صوبے کے دیہی نشیبی علاقوں میں سیلاب آنے کی صورت میں ان کی مدد کیا کرتے تھے جبکہ حکومتی سطح پر بھی نقصان کا ازالہ کیا جاتا تھا اور کیا جاتا ہے کراچی کے شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔

اتوار، 26 جون، 2022

جنگل میں مور ناچا کس نے دیکھا🦚

 جنگل میں مور ناچا کس نے دیکھا، یہ محاورہ سب ہی نے سنا ہو گا مور صحرائی و کوہستانی جنگل کا پرندہ ہے۔ مور سے بہت سی کہانیاں منسوب کر لی گئیں ہیں جیسے جنگل میں مور کے ناچنے والی بات اور اس سے جڑی کہانی کہ مور جب ناچتا تو اپنے پیر دیکھ کر آبدیدہ ہو جاتا ہے مور اپنے رنگین پروں کی وجہ سے بہت حسین ہے جبکہ اس کے پیر دیگر پرندوں کے جیسے ہی ہوتے ہیں یہ بات مور کو بہت ناگوار لگتی ہے جب مور ناچ کے اختتام پر اپنے پیر دیکھتا تو اس کے آنسو نکل آتے ہیں اور یہ آنسوں مور مادہ یعنی مورنی چوس لیتی جس سے مور کی افزائش نسل ہوتی ہے دیگر چرند و پرند کی طرح تولیدی عمل نہیں ہوتا۔ اس لیے مور کو پاک پرندہ تصور کیا جاتا ہے اس کے پر بھی پاک سمجھے جاتے ہیں جنھیں پاک سمجھ کر مذہبی کتب میں نشانی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہیں یہ تصور برصغیر کے ہندو اور مسلمانوں میں یکساں طور پر پایا جاتا تھا۔ عہد حاضر کے ذرائع ابلاغ نے ان تصورات کو زائل کر دیا کہ مور تولیدی عمل سے مبرا ہے اس کا ناچنا عام دیگر پرندوں کی طرح اپنی مادہ کو لبھانے کا ویسا ہی انداز ہے جیسے کبوتر غٹک کر اور دیگر پرندے مختلف آواز و سکنات سے اپنی مادہ کو لبھاتے ہیں۔

مور کی آواز سریلی نہیں ہوتی۔ لیکن تولیدی زمانے میں اس کی آواز میں رعنائی آجاتی ہے۔ مور مون سون کی بارشوں میں مخصوص آوازیں نکال کر بارش کی خبر دیتا ہے یہ بارشوں کا زمانہ اس کی افزائش نسل کا وقت ہوتا ہے۔

مور ایشیائی اور افریقی ممالک میں پایا جاتا ہے، مور کے سر پر ایک تاج ہوتا ہے اس کا جسم رنگین پروں سے مزین ہوتا ہے جبکہ بالغ مادہ مورنی اکثر بھورے رنگ کی ہوتی ہے اگر جغرافیائی حساب سے دیکھا جائے تو ہمیں مختلف علاقوں میں مختلف رنگوں کے مور دیکھنے کو ملتے ہیں۔ پاکستان کے ہر علاقے میں مور پائے جاتے ہیں سندھ میں تھرپارکر کے نیلے رنگ کے مور زیادہ دیدہ زیب ہونے کی وجہ سے مشہور ہیں۔ پنجاب میں  کلر کہار کو موروں کی وادی کہا جاتا ہے 1984 میں کلر کہار جانے کا اتفاق ہوا وہاں مور کھلے عام گھومتے ہوئے باچشم خود دیکھے ایک درخت سے دوسرے درخت پر اڑ کر جاتے ہوئے مور انتہائی حسین و دلکش لگتے ہیں تب پتہ چلا تھا کہ مور اڑ بھی سکتے ہیں جبکہ مور زیادہ تر وقت زمین پر رہتے ہیں، چونکہ مور زمین پر رہنے والا پرندہ ہے اس لیے وہ اڑنے کے بجائے بھاگنے کو ترجیح دیتا ہے مور 16 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتا ہے جو کہ دوسرے زمینی پرندوں کی رفتار کے مقابلے میں کافی تیز ہے۔

مور سے متعلق بہت کچھ لکھا جا سکتا ہے دل بار بار کہہ رہا ہے "ڈو مور" اس ضمن میں سانپ اور مور کا ذکر بھی بہت اہم تھا یہ تحریر فی البدیہ ہے مزید لکھنے کے لیے پڑھنا پڑے گا یا چھٹے امام گوگل سے رجوع کرنا ہوگا۔ ویسے اس کا جواب چچا گوگل سے بھی نہیں ملا کہ "چور کو پڑ گئے مور" میں مور مذکور ہے یا "ڈو مور" ہے


ہفتہ، 25 جون، 2022

نوزائیدہ بچے کے کان میں اذان دینا:

 حضرت عبیداللہ بن ابی رافع اپنے والد سے نقل کرتے ہیں کہ "میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حسن ؓ بن علی ؓ کی ولادت کے وقت ان کے کان میں اذان دیتے ہوئے دیکھا''۔

بچے کی پیدائش پر کان میں اذان دینا اسلامی شعار ہے اذان اس امر کا اعلان ہوتا ہے کہ رحم مادر سے دنیا میں بھیجنے والا اللہ ہے جس نے رحم مادر میں تجھے اپنے رحم سے مدت پوری ہونے تک محفوظ رکھا وہ بزرگی والا ہے اور حضرت محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللّٰہ کے رسول ہیں اس اقرار کا پاس تاحیات کرنا ہے۔

اذان کے آغاز میں اللّٰہ کی بزرگی بیان کی جاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ سب سے بڑا ہے۔ اس حقیقت کو چار بار دہرایا جاتا ہے تاکہ سننے والے کی لوح دل پر یہ نقش ثبت ہو جائے اس کے بعد اذان دینے والا گواہی دیتا ہے کہ اللّٰہ کے سوا اور کوئی اللّٰہ نہیں، کوئی عبادت کے لائق نہیں۔ یہ جملہ دوبار دہراتا ہے تاکہ سننے والے بچے کے دل و دماغ میں کوئی شک نہ رہے۔ بعد ازاں دوسری صداقت کی دو مرتبہ گواہی دیتا ہے۔ جس نے ہمیں یہ بتایا وہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے سچے رسول ہیں اس کے بعد مقصد حیات اللّٰہ کی عبادت کرنے کے لیے پکارا جاتا ہے ’’آؤ نماز کی طرف، آؤ نماز کی طرف‘‘ یعنی اللّٰہ کی عبادت کے لیے تیار ہو جاؤ یہی نماز دونوں جہانوں میں سرفراز ہونے کا ذریعہ ہے اسی حاضری میں تمہاری فلاح ہے۔ آؤ فلاح کی طرف، آؤ فلاح کی طرف۔ پھر اذان کی ابتداء میں بیان کردہ حقیقت کو دو بار اور دہرایا جاتا ہے۔ اللہ اکبر اللہ اکبر آخر میں دین اسلام کے اعلیٰ  ترین اعلان کے ساتھ پیغام مکمل ہوتا ہے لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ یعنی اللہ تعالیٰ کے علاوہ اور کوئی عبادت کے لائق نہیں۔

«مَا شَاءَ اللّٰهُ لَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللّٰهِ»


جمعرات، 9 دسمبر، 2021

آدمی اور انسان

 انسان بنی آدم ہونے کی وجہ سے آدمی کہا جاتا ہے انسان دیگر مخلوقات نباتات، جمادات اور حیوانات کی طرح ایک مخلوق ہے انواع و اقسام کی مخلوقات میں نوع بشر ہے یعنی ایک متعین خد و خال رکھنے والی مخلوق۔

انسان کو انبیاء کے ذریعے تعلیم دی گئی اس سے بھی افضل بات یہ ہے کہ سارے انسان سارے بشر آدمی ہیں یعنی آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں آل نبی جو دیگر مخلوقات میں عقلی برتری رکھتی ہے اس کے استعمال کی آزادی بھی ملی ہوئی ہے سارا فتور اس کے استعمال کا ہے۔ عقل کے چکر میں اللّٰہ کی تعلیم میں بھی تاویلیں تراشتا رہتا ہے۔ انسان اگر آدمی ہو کر رہے تو دنیا میں ایسا ہو رہے جیسا کہ اللّٰہ چاہتا ہے اور اللّٰہ چاہتا ہے کہ سارے انسان آدمی بن کر رہیں آدم کی اولاد اور آدم کی تخلیق کے وقت ابلیس کی نافرمانی پر اسے مردود قرار دیا تھا جس سے آدم سے اللّٰہ کی محبت کا اندازہ ہوتا ہے مگر انسان مقام آدمیت بھلا بیٹھا۔



لاک ڈاؤن


السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ💐
آج کی بات ہر جانب راشن کی باتیں ہو رہی ہیں وفاقی حکومت سے لیکر علاقائی ایسوسی ایشن اور انفرادی حیثیت میں مخیر حضرات راشن تقسیم کرنے میں مصروف ہیں کرونا وائرس کی وبا سے پہلے سے دستر خوان اور سوشل فلاحی پلیٹ فارمز جو بھوکوں کو کھانا کھلاتے تھے یہ بھی کھانا اور راشن مہیا کر رہے ہیں الغرض کرونا وائرس کی وبا کے دوران راشن کی تقسیم ہو رہی ہے۔ پاکستان میں ضرورت مند نادار بہت بڑی تعداد میں ہیں جن کی مدد کا کام پورے سال ہی جاری رہتا ہے کہنا یہ چاہ رہا ہوں کہ کرونا وائرس کی وبا سے قبل جو دھاڑی دار مزدور یا کم تنخواہ دار ملازمین کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتے تھے اپنی غیرت و حمیت کے زور پر قلیل دھاڑی یا تنخواہ میں گذارہ کرتے تھے یہ بہت مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں سفید پوشی کا بھرم رکھتے ہوئے کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے میں شرم محسوس کر رہے ہیں۔
لہذٰا جن مخیر حضرات کے پاس ایسے دھاڑی دار یا کم تنخواہ والے ملازمین کام کرتے ہیں تو ان کی تنخواہ ادا کرتے رہیں آپ کے صاحب حیثیت ہونے میں ان کی محنت کا عمل دخل رہا ہے ان کو زندہ اور خوددار رکھنا بہت ضروری ہے تاکہ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد جب معمولات زندگی شروع ہوں تو یہ آپ کو دستیاب ہوں اور اپنی خدمات پہلے کی طرح پیش کریں یہ تبھی ممکن جب آپ اس مشکل گھڑی میں ان کی تنخواہ وقت پر ادا کریں گے۔
شکریہ،
خیراندیش 🙏

منگل، 11 اکتوبر، 2016

دیوالی ایک تیوھار مختلف منسوبات:


دنیا بھر میں تمام مذاہب سے وابستہ کچھ ایام ایسے ہوتے ہیں جنہیں خصوصی اہمیت حاصل ہوتی ہے اور ان تہواروں کو مذہبی عقیدت اور جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔آج کل ہندو مذہب کے تہوار دیوالی کے دن ہیں جو کہ ہندو مذہب کے مذہبی تہواروں میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ آئیے یہ جانتے ہیں کہ دیوالی کے تہوار کا تاریخی اور مذہبی پس منظر کیا ہے۔
دیوالی/ دیپاولی ایک قدیم ہندو تہوار/ تیوہار ہے یہ تہوار اندھیرے پر روشنی کی، نادانی پر عقل کی، برائی پر اچھائی کی اور مایوسی پر امید کی فتح کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس تہوار کی تیاریاں 9 دن پہلے سے شروع ہوجاتی ہیں اور دیگر رسومات مزید 5 دن تک جاری رہتی ہیں۔ اصل تہوار اماوس کی رات یا نئے چاند کی رات کو منایا جاتا ہے۔ یہ تہوار شمسی، قمری ہندو تقویم کے مہینے کاتک میں منایا جاتا ہے۔ گریگورین تقویم کے مطابق یہ تہوار وسط اکتوبر سے وسط نومبر میں آتا ہے۔

دیوالی کی رات سے پہلے ہندو پیروکار گھروں کی مرمت، تزئین و آرائش، رنگ و روغن کرتے ہیں۔ دیوالی کی رات کو ہندو پیروکار نئے کپڑے پہنتے ہیں، دیے جلاتے ہیں، کہیں روشن دان، شمع اور کہیں مختلف شکلوں کے چراغ جلائے جاتے ہیں یہ دیے گھروں کے اندر اور باہر گلیوں میں بھی رکھے جاتے ہیں۔ دولت اور خوشحالی کی دیوی لکشمی کی پوجا کی جاتی ہے اور پٹاخے پھوڑے جاتے ہیں۔ بعد میں سارے خاندان والے اجتماعی دعوتوں کا اہتمام کرتے ہیں، مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں۔ دوست احباب کو مدعو کیا جاتا ہے، تحفے تحائف تقسیم کیے جاتے ہیں۔ جہاں دیوالی منائی جاتی ہے وہاں دیوالی کو ایک بہتریں تجارتی موسم بھی کہا جاتا ہے۔
دیوالی ہندوستان کا اہم تہوار ہی نہیں بلکہ اہم رسم یا رواج بھی ہے بھارت کے مختلف علاقوں میں یہ تہوار مختلف انداز میں منایا جاتا ہے اس رات کو جین پیروکار مہاویر کے موکش (نجات) پانے کی خوشی میں جشن چراغاں کے طور پر دیوالی مناتے ہیں سکھ پیروکار بندی چھوڑ دیوس کے نام سے مناتے ہیں۔ بہت سے ہندو مہابھارت کے مطابق پانڈو کے ۱۲ سالہ بن باس اور ایک سالہ اگیات واس سے واپسی کی خوشی کے اظہار کے طور پر مناتے ہیں۔ ہندو اکثریت رامائن کے حوالے سے شری رام، سیتا اور لکشمن کے بن باس سے واپس آنے کی خوشی میں دیوالی مناتے ہیں۔ دیوالی کی رات آنے سے ۱۰ دن قبل سے دسیرہ منایا جاتا ہے جس میں رام رام لیلا ھوتا ہے رام لیلا میں روڈوں پر جلوس نکالے جاتے ہیں کھلے مقامات پر رام اور راون کی لڑائی کو تمثیلی انداز میں پیش کیا جاتا ہے جس میں ھنومان (بندر) کے کردار کو خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے جو لوگوں کی دلچسپی کا باعث ہوتا ہے ان رام لیلا کے پروگراموں میں جو مختلف جگہوں پر منعقد ھوتے ہیں ان میں بھارتی بھاری تعداد میں شریک ہوتے ہیں اس طرح یہ مذہبی تہوار ایک قومی میلے کا منظر پیش کرتا ہے جس میں بچے اور نوجوان خاص طور پر لطف اندوز ہوتے ہیں بھارت میں دیوالی کے ایام سرکاری تعطیل ہوتی ہے بھارت کے ساتھ ساتھ نیپال، ماریشس، سری لنکا، میانمار، گیانا، ملیشیا، سنگاپور اور فجی میں بھی دیوالی سرکاری تہوار ہے۔

جمعرات، 6 اکتوبر، 2016

آقا کی سنت دین و دنیا کی بھلائی:

پانی بیٹھ کر پینا افضل ہے ایسی کوئی حدیث مستند نہیں کہ اگر پانی کھڑے ھوئے پی لیا تو الٹی کر کے واپس پلٹ دو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی احادیث و سنت پر عمل کرنا ہمارے فائدے اور نقصان سے بچاو کے لیے ہے۔ کپڑے جھاڑ کر پہنا سنت ہے اس میں حکمت ہے اگر کپڑوں میں کوئی موذی حشرات العرض وغیرہ بیٹھا یا چھپا ہوا ہے جو ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے وہ جھڑنے سے نکل جائے گا اب یہ کہیں نہیں کہا گیا کہ اگر کپڑے بغیر جھاڑے پہن لیے تو واپس اتار کر جھاڑ کر دوبارہ پہنوں کیوں کہ اگر بغیر جھاڑے کپڑے پہنے اور ان میں موذی کیڑا مکوڑا تھا تو وہ فورا کاٹے گا تب تک تو نقصان ہو چکا ہوگا اسی طرح پانی اگر کھڑے ہوئے پی لیا اور ہمارے اوسان اور کیفیت اس وقت درست نہیں تھے گھبراہٹ کی حالت تھی اس صورت میں پانی پینا صحت پر برے اثرات مرتب کر سکتا ہے جس سے نقصان کا احتمال ہے اس لیے بیٹھ کر پانی پینا افضل ہے ایک تو بیٹھنے سے طبیعت میں سکون آجاتا ہے اور دوسرے ہوس و حواس بحال ہو جائیں گے جس سے ہم پانی دیکھ کر پیئں گے کہ اس میں کوئی مضر چیز تو نہیں پڑی ہوئی پانی دیکھ کر پینا بھی سنت ہے کھڑے ہوئے گھبراہٹ کی حالت میں ایک دم ڈگ ڈگ پانی پینے سے پھندہ بھی لگ سکتا ہے جس سے پانی ناک کی طرف جا سکتا ہے اور دماغ کی طرف بھی جو انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے بیٹھ کر پانی اطمینان سے پیا جائے گا بہتر ہے پانی ٹھہر ٹھہر کر تین گھونٹ میں پیا جائے تین گھونٹ میں پانی پینا بھی سنت ہے اور ہر وقفے میں تسبیحات پڑھنا چاہئیں جو اللہ تعالی کی حمد ثنا ہے اور اللہ تعالی کی حمد و ثنا کرنا براہ راست عبادت ہے اس طرح سنت کے مطابق پانی پینے سے سنت پر عمل پیرا ھونے کا ثواب بھی ملے گا جس کا اجر آخرت میں ملے گا اور نقصان سے بچاو کی صورت میں دنیاوی فائدہ تو نقد ملے گا۔

جمعرات، 22 ستمبر، 2016

اختیار اور اقتدار کا گورکھ دھندہ:


اسٹیبلشمنٹ کے لغوی معنے کچھ بھی ہوں لیکن اس کے رائج معنے بااختیار افراد یا گروہ ہے جو اپنے مفاد کے لیے متحرک رہتا ہے اس کے لیے حاصل اختیار کا بے دریغ استعمال کرتا ہے یہ اداروں، ملک اور دنیا میں من مانی کرتا ہے اس کے لیے ایسے افراد کے ٹولے تیار کیے جاتے ہیں جو بظاہر دانشور لیکن درحقیقت بے وقوف ہوتے ہیں _
اسٹییبلشمنٹ کی حکمت عملی شاطرانہ چالوں اور مکاری پر مبنی ہوتی ہے اس لیے وہ جو افراد منتخب کرتی ہے ان سے مفادات اس طرح حاصل کرتی ہے کہ انھیں خود یہ پتہ بھی نہ چلے کہ اس کا فائدہ کس کو ہو رہا ہے اس ٹولے کو ایسا لگتا ہے کہ یہ مفاد عامہ کا کام کر رہا ہے اس طرح یہ ٹولے پھلتے پھولتے رہتے ہیں تا وقت کہ اسٹیبلشمنٹ کا مفاد پورا ہوتا رہے اس بااختیار گروہ کی ترجیح ہوتی ہے کہ اس پورے ٹولے کو ایک شخص یا چند افراد کے ذریعے رابطے میں رکھے اور مز ید لوگ انکے مرہون منت رہیں اس ٹولے کو بے پناہ مراعات سے نوازا جاتا ہے یہ ٹولہ عام لوگوں کو یہ تاثر دیتا ہے کہ یہ ان کے حقوق کے حصول کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے برسرپیکار ہے مگر یہ اپنے سے وابستہ افراد کو فیضیاب کرتا ہے جن کے ذریعے معاشرے میں اپنا دبدبہ قائم کرتا ہے اس طرح یہ ٹولہ خود کو افضل الاشرف المخلوقات سمجھنے لگتا ہے اس وقت انھیں انکے دماغ کا خناس اسٹیبلشمنٹ کے مقا بل لے آتا ہے یہ اس وقت کا نقطہ آغاز ہوتا ہے جب اسٹیبلشمنٹ ان کا حساب کتاب کرنے کا تہیہ کر لیتی ہے اس کے لیے اس ٹولے کے زیر اثر یا انکے نزدیکی لوگو ں کا چناؤ کرتی ہے ان کے ذریعے انکی کردار کشی کرواتی ہے تاکہ انکے پیروکار اس گروہ کے خاتمہ پر مزاحمت نہ کریں بلکہ وہ لوگ خود یہ کہیں کہ کچھ نہ کچھ گڑ بڑ تو تھی جس کی وجہ سے یہ سب کچھ ہوا اور ایسا وہی لوگ با آواز بلند کہتے ہوۓ نظر آتے ہیں جو انکے اچھے وقتوں میں ان مراعات اور اختیارات کے مزے اڑا رہے ہوتے ہیں جو انھیں اسٹیبلشمنٹ سے خدمت کے صلے میں ملتے ہیں اب یہ ٹولہ براہ راست اسٹیبلشمنٹ سے جاہ و جلال ملنے کا خواب دیکھتا ہے اور اپنے پرانے ساتھیوں کی جگہ لینے کے لیے تیار ہو جاتا ہے یہ سب کچھ اس چالاکی سے کیا جاتا ہے کہ وہ غلط لگنے لگتا ہے اور یہ صحیح ہو جاتا ہے کیونکہ یہ سارا کھیل مفادات کا ہے لہذا اس ٹولے کے لوگ اپنے مفادات کو جاری اور ساری رکھنے کے لیے اس ٹولے میں آ جاتے ہیں وہ لوگ جو اس ٹولے سے مفادات کے حصول میں ناکامی کی وجہ سے ناراض ہو کر الگ ہو گئے تھے وہ بھی ان کے ساتھ مل جاتے ہیں اور کچھ نئے لوگ بھی شامل ہو جاتے ہیں یا شامل کر لیے جاتے ہیں اس طرح یہ گورکھ دھندہ چلتا رہتا ہے _
برصغیر پر انگریز کے قبضے کے بعد انگریز اسٹیبلشمنٹ نے برصغیر پر مکمل اختیار اور اقتدار کے دوام کے لیے ایسی ہی حکمت عملی اپنائی معاشرتی پسے ہوۓ طبقے کو چپڑاسی، کلرک کی نوکریاں دیں دیہاتیوں کو فوج میں بھرتی کیا شہری غریب طبقے کو ریلوے. ڈاک خانوں اور دوسرے اداروں میں ملازمتیں دیں ایسا براہ راست نہیں کیا بلکہ اپنے مفاد میں استعمال ہونے والے افراد اور ٹولوں کے ذریعے کیا اس سے ایک تو عام انسان کو اپنا گرویدہ کیا تو دوسری جانب اپنے ہندوستانی حلیف افراد و ٹولوں کو احسان تلے دبایا جس سے ہندوستان میں انگریز کو اقتدار میں مزاحمت نہ ہونے کے برابر رہی سر کردہ پڑھے لکھنے لوگوں کو القابات اور نسبتا" بہتر ملازمتیں دیں انھوں نے اپنے قلم کے ذریعے انگریز کی قصیدہ گوئی کی ۱۸۵۷ جسے برصغیر کا عام باشندہ جنگ آزادی کہتا ہے ان پڑھے لکھے انگریز سے مراعات یافتگان نے غدر اور بغاوت سے موسوم کیا اور صلے میں سر کا خطاب پایا اور جو زراعت سے وابستہ سرکردہ افراد تھے انھیں زمینوں اور جاگیروں سے نوازا اس کے بدلے پورے گاؤں کی حمایت حاصل کی انسانوں کو مارنےکے پرمٹ بھی جاری کیے اس کے لیے خان بہادر کا لقب دے کر سات خون معاف اور چودہ خون معاف کر دیے گئے یہ سب انگریز اسٹیبلشمنٹ کے لیے کام کرتے تھے اس سے ہندوستان میں معززین کے نئے طبقے بنے عام دوکاندار کاریگر مزدور کے مقابلے میں انگریز کا چپڑاسی معزز ہو گیا ایسا نادانستہ نہیں ہوا بلکہ دانستہ طور پر کیا گیا اس زمانے میں کاروباری کھاتے پیتے افراد جو لباس ہہنتے تھے اس کو چپڑاسیوں کا یونیفارم قرار دے دیا اسٹیبلشمنٹ کا ایک حربہ یہ بھی ہوتا ہے کہ جو خود سے آسودہ اور اسٹیبلشمنٹ کے حواری ٹولوں کی کاسہ لیسی سے آزاد ہوتے ہیں انھیں پسپا کرکے ان کی جگہ اپنے کاسہ لیسوں کو لانے کی کوشش کرتی ہے اس سے معاشرے میں عدم تحفظ کی فضا پیدا ہوتی ہے جو اسٹیبلشمنٹ اور اس کے مفادات کے لیے کام کرنے والے ٹولوں کے لیے بہت فائدہ مند ہوتی ہے اور عام انسان کے لیے انتہائی پریشانی کا سبب ہوتی ہے اور اس صورتحال سے اسٹیبلشمنٹ کے پلے ہوۓ ٹولے خوب فائدہ اٹھاتے ہیں ایک تو اپنا خوف قائم رکھنے میں آسانی ہوتی ہے تو دوسری طرف ان خوف زدہ لوگوں سے جبری نذرانے وصول کرتے ہیں اور تاثر یہ دیتے ہیں کہ ان کا وجود ان کے ہونے سے ہے اور انہیں یہ نذرانے نہیں دیں گے تو ان کا کاروبار کرنا تو درکنار ان کا زندہ رہنا بھی دشوار ہو جاۓ گا نااہل افراد اور ٹولے اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی سے مالدار، باعزت اور اشرف ہو گئے اور محنت کی کمائی اور عزت نفس کے ساتھ جینے والوں کا جینا بھی دوبھر ہو گیا تھا۔

جمعہ، 25 اپریل، 2014

اسلام کی پانچ درسگاہیں:


آئمہ خمسہ، اسلام کو سمجھنے اور جاننے کے پانچ مکاتب ہیں. امام نعمان بن ثابت(ابو حنیفہ)، امام جعفر، امام مالک، امام شافعی، امام احمد بن حنبل یہ وہ اکابرین اسلام ہیں جنھوں نے شبانہ روز اسلام کو سمجھنے اور سمجھانے میں صرف کیے. انھوں نے فرقے نہیں بناۓ بلکہ اسلام کے اصول جیسے انھوں نے سمجھے عوام الناس تک پہنچاۓ تاکہ لوگ گمراہی سے بچیں اور تفرقے میں نہ پڑھیں ان آئمہ کا ملت اسلام پر احسان عظیم ہے کہ انھوں نے اپنے علم، ریاضت، مجاہدے اور محنت شاقہ سے قرآن، حدیث اور سنت کی تشریح کی جس سے اسلام عام فہم میں سما سکے اور عمل سہل ہو سکے. تفرقہ تو ان کے مقلدین نے پھیلایا اگر تمام مسلمین ان آئمہ میں سے کسی ایک کی پیروی کرتے تو صرف پانچ فرقے ہوتے لیکن مسلم فرقے تو پانچ کیا پچاس سے بھی زیادہ ہیں یہاں نقطے کی بات ہے ان کے مقلدین نے ان کی تشریح کو سمجھنے میں بھی اختلاف کیا اور مزید جتھے بنا لیے تو کیا قرآن حدیث اورسنت کو ایک عام انسان باآسانی سمجھ سکتا ہے جبکہ اس کا ادراک واضح تشریح کو سمجھنے میں تذبذب میں مبتلا ہے. ان پانچ آئمہ میں اختلاف تو ملتا ہے مگر انکار نہیں ملتا جو اس بات کی دلیل ہے کہ یہ آئمہ ایک دوسرے کے علم کا لحاظ بھی رکھتے تھے اور اپنی علمی راۓ بھی رکھتے تھے. صاحب علم کی راۓ براۓ تعمیر ہوتی ہے نہ کہ تخریب.

بدھ، 12 فروری، 2014

صبر بے مثل وصف:

 صبر ایک ایسا وصف انسانی ہے جو اللہ کی مدد کے بغیر حاصل نہیں ہوتا، کربلا میں بہت سی وجوہات تھیی جن کی وجہ سے صبر ترک کیا جاسکتا تھا سب سے بڑھ کر بچوں اور عورتوں کا ساتھ بہانہ بنایا جاسکتا تھا کہ امام حسین کہتے کہ میں اور میرے ساتھی تو پیاس برداشت کر لیتے مگر عورتیں اور بچے پیاس برداشت نہیں کر سکتے اس لیے یزید سے صلح کرنی پڑی مگر آپ اور آپ کے جانثاروں کو اللہ کی مدد حاصل تھی اور سب نے نہ صرف صبر کیا بلکہ ظلم کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہوتا ہے جس کے ساتھ اللہ ہوتا ہے وہ مر کر بھی نہیں مرتا حسین رضی اللہ تعالی عنہ مر کر بھی زندہ ہیں اور یزید مار کر بھی مر گیا۔
                                                          قتل حسین اصل میں مرگ یزید ہے
                                                         اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد

عالمی امن:


مذاہب عالم کے مطالعے سے علم ہوتا ہے کہ ہر مذہب لڑنے ہی سے روکتا ہے اور زندگی امن سے گذارنے کی تلقین کرتا ہے اور امن تب ہی قائم ہوسکتا ہے جب تبلیغ کے بجاۓ اس پر عمل کیا جاۓ کیونکہ تمام مذاہب میں محبت کی تعلیم دی گئی ہے اگر ایک دوسرے سے محبت کرنے کا عمل فروغ پا جاۓ تو اپنے اتنے مذہب کے لئے لڑنے کا فتنہ ہی ختم ہوجاۓ اس کا بنیادی اصول یہ ہے کہ آپ کسی دوسرے مذہب کی تعلیم اور شخصیات کو مانیں نہ مانے برا یا غلط کہنے کا اختیار کسی کو نہیں ہے عہد حاضر میں کسی کے مذہب کو نہ ماننے کا مسئلہ نہیں بلکہ دوسرے مذہب کی تعلیم اور شخصیات کو برا اور غلط کہنا فساد کی جڑ ہے بے عمل اور اپنے اپنے مذہب کی ادھوری تعلیم رکھنے والے دوسروں کے مذہب اور شخصیات کو غلط یا برا کہہ کر خود کو صحیح ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو دوسری جانب نیوٹن کے تیسرے قانون حرکت کے بموجب عمل کا ردعمل ہوتا ہے اور شدید جواب آتا ہے نتجتا" نفرتیں بڑھتی ہیں اس سارے گورکھ دھندے کا حل یہ ہے کہ اپنے عقیدے پر عمل کرو اور دوسرے کے عقیدے پامال نہ کرو.